بنگلا دیش کی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ واجدکے بیٹے سجیب وازید نے کہا کہ فوج کسی بھی قسم کے قبضے کو روکے۔
شیخ حسینہ واجد کے 15 سالہ دور اقتدار کا خاتمہ ہو گیا ہے، تختہ الٹنے سے قبل شیخ حسینہ واجد کے بیٹے نے فیس بک پر پوسٹ کی اور فوج سے کہا کہ فوج کسی بھی قسم کے قبضے کو روکے۔
سجیب وازید جو امریکا میں مقیم ہیں نے کہا کہ آپ کا فرض ہے کہ اپنے لوگوں اور ملک کو محفوظ رکھیں اور آئین کو برقرار رکھیں،کسی غیر منتخب حکومت کو ایک منٹ بھی اقتدار میں نہ آنے دیں، یہ آرمی کا فرض ہے۔
بنگلادیشی آرمی چیف کا عبوری حکومت بنانے کا اعلان
واضح رہے کہ بنگلہ دیشی وزیراعظم حسینہ واجد عہدے سے استعفی دے کر بھارت چلی گئیں، حسینہ واجد تقریر ریکارڈ کرنا چاہتی تھی لیکن انہیں ایسا کرنے کا موقع نہیں مل سکا ، آرمی چیف نے انہیں 45 منٹ کی ڈیڈلائن دی تھی۔
حسینہ واجد اور ان کی بہن گنابھابن (وزیراعظم کی سرکاری رہائش گاہ) سے فوجی ہیلی کاپٹر میں بھارت چلی گئی ہیں، حسینہ واجد تقریر ریکارڈ کرنا چاہتی تھی لیکن انہیں ایسا کرنے کا موقع نہیں مل سکا۔مظاہرین نے وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی رہائش گاہ پر دھاوا بول دیا، جنہیں قابو کرنے کے لیے سڑکوں پر پولیس اور فوج کی بڑی تعداد موجود تھی۔
یاد رہے کہ بنگلہ دیش میں کوٹہ سسٹم مخالف طلبہ کی جانب سے سول نافرمانی کی تحریک کے اعلان کے بعد پرتشدد احتجاج میں مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 300 تک جا پہنچی، بنگلہ دیش کے مقامی میڈیا کا بتانا ہے کہ ان جھڑپوں میں 14 پولیس افسران سمیت 95 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جبکہ مجموعی طور پر حکومت مخالف احتجاج سے اب تک 300 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔