آئی پی پیز کی مہنگی بجلی، چیئرمین نیپرا نے غلطی کا اعتراف کر لیا

ہم نیوز  |  Aug 03, 2024

اسلام آباد: چیئرمین نیپرا وسیم مختار نے کہا ہے کہ سرمایہ کار کو اعتماد دیں معاشی حالات مستحکم رکھیں تو بجلی کی قیمت نہیں بڑھے گی۔ ہم سے غلطی ہوئی، پلانٹ لگانے والی کمپنیز کو بطور مراعات ڈالر میں ادائیگی کی۔

رانا محمود الحسن کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کابینہ ڈویژن کا اجلاس ہوا۔ جس میں بریفنگ دیتے ہوئے چیئرمین نیپرا وسیم مختار نے بتایا کہ اکتوبر، نومبر تک کمر شل مارکیٹ کھولنے لگے ہیں۔ جس کے بعد صارف کو اجازت ہو گی کہ اپنی مرضی کی کمپنی سے بجلی حاصل کر سکے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت، بجلی کمپنی اور صارفین کے درمیان توازن قائم کرنا سب سے مشکل کام ہے۔ اب بجلی جینریشن کے نئے پلانٹس نہیں آ رہے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک میں مہنگائی کی شرح میں 0.12 فیصد کمی ریکارڈ

چیئرمین نیپرا نے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب سے غلطی ہوئی۔ 2007 کے بعد بجلی شارٹیج آ گئی تھی اور 14-2013 میں چینی معاونت سے پاورپلانٹس لگے۔ ہم نے پلانٹ لگانے والی کمپنیز کو بطور مراعات ڈالر میں ادائیگی کی۔

انہوں نے کہا کہ ہماری روپے کی قدر مستحکم نہیں اس لیے سرمایہ کار ڈالر میں ادائیگی مانگتا ہے۔ سرمایہ کار کو اعتماد دیں معاشی حالات مستحکم رکھیں تو بجلی کی قیمت نہیں بڑھے گی۔

اس موقع پر سینیٹر عبدالقادر نے کہا کہ آئی پی پیز نے اوور پرائسنگ کر کے10 سال میں پیسہ کما لیا ہے۔ فرانزک آڈٹ کرائیں اور اس کی بھی کڑی نگرانی کروائی جائے۔

ارکان کمیٹی نے کہا کہ بجلی کی قیمتیں بڑھنے سے لوگ ہمارا گریبان پکڑ رہے ہیں۔ ان 40 خاندانوں کے آئی پی پیز عوام کو مہنگے پڑ رہے ہیں اور ملک میں عوام میں بے چینی کی وجہ یہ آئی پی پیز ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More