شاہ رخ خان آنکھوں کی تکلیف میں مبتلا، علاج کے لیے امریکہ روانگی متوقع

اردو نیوز  |  Aug 02, 2024

بالی وُڈ کنگ شاہ رخ خان آنکھوں کی تکلیف میں مبتلا ہوگئے ہیں جس کے بعد علاج کے لیے اُن کی امریکہ روانگی متوقع ہے۔

انڈین میڈیا کے مطابق شاہ رخ خان آنکھوں کی تکلیف میں مبتلا ہیں جس کے لیے وہ ممکنہ طور پر منگل کو امریکہ روانہ ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق شاہ رخ خان پیر کو ممبئی کے ہسپتال میں آنکھوں کے علاج کے لیے گئے تاہم اُن کا علاج وہاں نہیں ہو سکا۔

اس وجہ سے کنگ خان نے فوری طور پر امریکہ جا کر علاج کروانے فیصلہ کیا۔

خیال رہے کہ شاہ رخ خان رواں برس احمد آباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں کھیلے گئے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں اپنی ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز کا کوالیفائر ون میچ دیکھنے آئے جس دوران انہیں ہیٹ سٹروک کا سامنا کرنا پڑا۔

اداکار شدید گرمی کے باعث پانی کی کمی کا شکار ہوئے جس کی وجہ سے انہیں احمد آباد کے کے ڈی ہسپتال میں داخل ہونا پڑا۔

دوسری جانب رواں برس شاہ رخ خان کی کوئی فلم سنیما گھروں میں ریلیز نہیں ہو رہی۔

کنگ خان نے 2023 میں اپنی تین فلموں ’پٹھان‘، ’جوان‘، اور ’ڈنکی‘ کے ذریعے باکس آفس پر تاریخی کامیابیاں سمیٹیں۔

رواں برس بھی شاہ رخ خان کے لیے اُس وقت اچھا ثابت ہوا جب اُن کی ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز تیسری مرتبہ آئی پی ایل ٹائٹل جیتنے میں کامیاب ہوئی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More