گھر سے باہر نکلنے سے منع کرنے پر 17 سالہ بیٹے نے ماں کو قتل کر دیا

اردو نیوز  |  Jul 25, 2024

صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع شانگلہ میں اپنی ماں کے قتل کے الزام میں کم عمر بیٹے کو گرفتار کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق بلکانی اولندر نامی گاؤں میں 23 جولائی کو خاتون کے قتل کا واقعہ رپورٹ ہوا جس میں مقتولہ کے بھائی نے قتل کی دعویداری کم عمر بیٹے پر کی۔ اور خاتون کے دیور کو بھی مقدمہ میں نامزد کیا۔

 شانگلہ پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔

پولیس کے مطابق ملزم بیٹا اور اس کا چچا دونوں کو گرفتار کر لیا گیا جنہوں نے دوران تفتیش اعتراف جرم کر لیا۔

ملزم اختر نواز نے پولیس کو بتایا کہ ’اس کی والدہ نے چچا کے ساتھ جنگل میں جانے سے منع کیا تھا، اسی معاملے پر والدہ سے بحث و تکرار بھی ہوئی تھی۔‘

’اس پر بیٹے نے طیش میں آ کر کلہاڑی کا وار کیا جس سے اس کی والدہ شدید زخمی ہوئی۔‘

مقتولہ کے بھائی نے پولیس کو اپنے بیان میں بتایا کہ ان کی بہن کی گھریلو ناچاقی چل رہی تھی۔ انہوں نے ملزم کے چچا پر الزام لگایا کہ بیٹے نے اپنے چچا کے اکسانے پر ماں کو قتل کیا۔

شانگلہ پولیس کے ضلعی سربراہ عمران خان نے اردو نیوز کو بتایا کہ اس واقعے کا دفعہ 302 کے تحت مقدمہ درج ہو چکا ہے جبکہ دونوں ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ملزم اختر کی عمر 17 یا 18 سال ہے جس سے مزید تفتیش جاری ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ملزمان سے آلہ قتل بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ دوسری جانب لواحقین کے بیانات بھی قلمبند کر لیے گئے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More