نو مئی، عمران خان کا 12 مقدمات میں جسمانی ریمانڈ کالعدم قرار

اردو نیوز  |  Jul 25, 2024

لاہور ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف نو مئی کو ہونے والے ہنگاموں کے تناظر میں درج  12 مقدمات میں جسمانی ریمانڈ کالعدم قرار دے دیا ہے۔

لاہور ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے جمعرات کو تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے 12 مقدمات میں جسمانی ریمانڈ کے خلاف درخواستوں پر سماعت کی۔

عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان کے 12 مقدمات میں جسمانی ریمانڈ کے خلاف درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سنایا۔

عدالت نے عمران خان کی ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری کے نوٹی فکیشن کو بھی کالعدم قرار دے دیا ہے۔

عمران خان کی 12 مقدمات میں جسمانی ریمانڈ دینے کے انسداد دہشت گردی عدالت کے فیصلے کے خلاف درخواستیں لاہور ہائی کورٹ میں سماعت کے لیے مقرر کی گئی تھیں۔

درخواستوں میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ ’لاہور اے ٹی سی نے جسمانی ریمانڈ دیتے وقت ریکارڈ کا درست جائزہ نہیں لیا، جیل میں قید ہوں اور پولیس پہلے بھی تفتیش کر چکی ہے۔‘

درخواستوں میں مزید کہا گیا تھا کہ جسمانی ریمانڈ دیتے وقت قانون کو بھی مدنظر نہیں رکھا گیا، لہٰذا لاہور ہائی کورٹ سے استدعا ہے کہ وہ اے ٹی سی کی جانب سے 12 مقدمات میں دیا گیا جسمانی ریمانڈ کالعدم قرار دے۔‘

یاد رہے کہ 15 جولائی کو لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 12 مقدمات میں عمران خان کا 10 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More