چین میں شدید بارشوں کے باعث پل گرنے سے 12 ہلاک، 30 سے زائد لاپتہ

اردو نیوز  |  Jul 21, 2024

چین میں شدید بارشوں کے باعث پل گرنے سے بارہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ 30 سے زائد لاپتہ ہیں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق چین کے شمالی اور وسطی علاقے بارشوں کی زد میں ہیں جبکہ سیلابوں سے بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔

شمال مغربی صوبہ شانشی میں جمعے کی صبح 8 بج کر 40 منٹ پر اچانک موسلا دھار بارش اور سیلاب سے پل ٹوٹ گیا اور گاڑیاں دریاں میں بہہ گئیں۔

چین کے سرکاری ٹیلی ویژن سی سی ٹی وی کے مطابق دریا میں گرنے والی پانچ گاڑیوں میں سے 12 افراد کو نکالا گیا ہے۔

ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوتا ہے کہ کم از کم 31 افراد تاحال لاپتہ ہیں جبکہ 17 گاڑیاں اور 8 ٹرک دریا میں گر گئے۔

سرکاری ٹیلی ویژن چینل پر چلنے والی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پل کا کچھ حصہ مکمل طور پر دریا میں ڈوب گیا ہے۔

چین کے صدر شی جن پنگ نے لاپتہ ہونے والوں کو ریسکیو کرنے کے لیے تمام تر کوششیں بروئے کار لانے کا کہا ہے۔

دوسری جانب سنیچر کو جنوب مغربی صوبہ سچوان میں آنے والے شدید آندھی طوفان میں 30 سے زائد افراد لاپتہ ہو گئے تھے جن کا تاحال کچھ پتا نہیں چل سکا۔

رواں ہفتے چین کا نیم صحرائی صوبہ گانسو بھی شدید بارشوں کی لپیٹ میں رہا۔

چین میں گرمیوں کے مہینوں میں شدید موسم دیکھنے میں آئے ہیں جبکہ دوسری جانب شمال سمیت مشرقی اور مغربی علاقے ہیٹ ویو کی لپیٹ میں رہے۔

سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ گرین ہاؤس گیسز کا بےتہاشہ اخراج ماحولیاتی تبدیلیوں کا سبب ہے۔ 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More