مخصوص نشستیں، سپریم کورٹ کے فیصلے سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے: اعظم نذیر تارڑ

اردو نیوز  |  Jul 12, 2024

وفاقی وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ مخصوص نشستوں پر سپریم کورٹ کے فیصلے سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔

جمعے کو فیصلہ آنے کے بعد اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ فیصلے کے مطابق نشستیں پی ٹی آئی کو مل جانے کے بعد بھی حکومت 209 اراکین کی اکثریت رکھتی ہے۔

وزیر قانون نے کہا کہ مخصوص نشستیں سنی اتحاد کونسل کو ملنی چاہیے تھیں کیونکہ پی ٹی آئی تو فریق ہی نہیں تھی۔

ان کے مطابق ’سنی اتحاد کونسل ریلیف لینے آئی تھی اس کو یکسر سائیڈ پر کر دیا گیا، جبکہ پی ٹی آئی کیس میں درخواست گزار تھی اور نہ ہی اس کی جانب سے ریلیف مانگا گیا تھا۔‘

عدالتی فیصلے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ’ابھی تو شارٹ آرڈر دیکھا ہے، تفصیلی فیصلہ آنے پر مزید رائے دوں گا۔‘

تاہم انہوں نے اتنا ضرور کہا کہ ’فیصلے نے پیچیدگی اور سوالات کو جنم دیا ہے اور ایسی صورت حال پیدا ہوئی ہے جو واضح نہیں ہے۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More