ٹیم کی ناقص کارکردگی، وہاب ریاض اور عبدالرزاق ’سلیکٹر کے عہدے سے برطرف‘

اردو نیوز  |  Jul 10, 2024

کرکٹ کی کوریج کرنے والی ویب سائٹ کرک اِنفو نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے وہاب ریاض اور عبدالرزاق کو عہدے سے برطرف کر دیا ہے۔

گزشتہ ماہ امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں کھیلے گئے آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کے گروپ مرحلے سے ہی باہر ہونے کے بعد پی سی بی میں یہ پہلی تبدیلی سامنے آئی ہے جس میں وہاب ریاض اور عبدالرزاق کو سلیکٹر کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔

وہاب ریاض کو اس سے قبل چیف سلیکٹر کے عہدے سے ہٹا کر سات رُکنی سلیکشن کمیٹی کا رکن بنایا گیا تھا۔

اس سات رکنی سلیکشن کمیٹی کا کوئی بھی ہیڈ نہیں تھا۔

دوسری جانب عبدالرزاق پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کے رکن کے طور پر بھی کام کر رہے تھے۔

جون میں نیویارک میں ٹی20 ورلڈ کپ میں انڈیا سے شکست کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے ٹیم میں ’بڑی سرجری‘ کا اشارہ دیا تھا۔

کرک انفو کا مزید دعویٰ ہے کہ سلیکشن کمیٹی کو تحلیل کر کے ایک مرتبہ پھر چیف سلیکٹر کو تعینات کیا جا سکتا ہے۔

وہاب ریاض چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے قریبی ساتھی سمجھے جاتے ہیں جس کے بعد اس عہدے سے اُن کی برطرفی ایک بڑی خبر ہے۔

پنجاب میں محسن نقوی کی نگراں کابینہ میں وہاب ریاض کھیلوں کی وزیر بھی رہ چکے ہیں جبکہ ٹی20 ورلڈ کپ 2024 میں وہ ٹیم کے ساتھ بطور سینیئر ٹیم مینیجر بھی رہے۔

سلیکشن کمیٹی کی رکنیت سے برطرفی کے بعد وہاب ریاض سینیئر ٹیم مینیجر کے عہدے سے بھی محروم ہو سکتے ہیں۔    

خیال رہے کہ پی سی بی نے چار ماہ قبل اس سات رکنی سلیکشن کمیٹی کو قائم کیا تھا جس میں وہاب ریاض، عبدالرزاق، محمد یوسف، اسد شفیق، ٹیم ہیڈ کوچ، کپتان اور ڈیٹا اینالسٹ بلال افضل شامل تھے۔

واضح رہے کہ گزشتہ چار برسوں میں پی سی بی میں چھ چیف سلیکٹر کام کر چکے ہیں جن میں وہاب ریاض، ہارون رشید، شاہد آفریدی، انضام الحق، محمد وسیم اور مصباح الحق شامل ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More