پاکستانی اداکار فواد خان کی وانی کپور کے ہمراہ بالی وڈ میں واپسی ہو رہی ہے؟

اردو نیوز  |  Jul 04, 2024

پاکستانی اداکار فواد خان جلد وانی کپور کے ساتھ بالی وڈ میں کم بیک کرنے جا رہے ہیں۔

این ڈی ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق فواد خان اور وانی کپور جلد ہی بالی وُڈ فلم میں ایک ساتھ نظر آئیں گے جو ایک طرح سے اداکار کی بالی وُڈ میں آٹھ برسوں کے بعد واپسی ہو گی۔

خبر رساں ایجنسی آئی اے این ایس کے مطابق بین الاقوامی پراجیکٹ جس کا نام ابھی تک منظرعام پر نہیں آ سکا، کی مکمل شوٹنگ یورپ میں کی جائے گی جبکہ ہندی رومانوی کامیڈی فلم کی ہدایت کاری آرتی بگدی کریں گی۔

نیوز ایجنسی نے ایک ذریعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ فواد خان کو دنیا بھر میں جنوبی ایشیائی باشندوں میں بڑے پیمانے پر پذیرائی حاصل ہے اور وہ مارول سنیما یونیورس جیسے بڑے پراجیکٹ کا بھی حصہ رہ چکے ہیں۔

متوقع طور پر مسقبل میں ریلیز ہونے والے فواد خان اور وانی کپور کے اس پراجیکٹ کے متعلق معلومات ابھی خفیہ رکھی جا رہی ہیں اور کوئی بھی اس سے متعلق بات نہیں کر رہا۔

خبر رساں ایجنسی کے ذرائع نے فلم کی کہانی کے متعلق کہا ہے کہ ’اس رومانوی کامیڈی فلم میں دو ٹوٹے دل والے افراد کی کہانی بیان کی گئی ہے جنہیں قسمت نے ملایا ہوتا ہے اور آخرکار دونوں ایک دوسرے کی مدد کرتے ہوئے غیرارادی طور پر محبت میں گرفتار ہو جاتے ہیں۔‘

فواد خان نے خوبصورت اور کپور اینڈ سنز جیسی ہندی فلموں میں کام کیا ہے تاہم احمد علی بٹ نے ایک انٹرویو میں جب ان سے پوچھا کہ کیا فواد خان کی ہندی فلم انڈسٹری میں موجودگی کو ایک خطرے کے طور پر دیکھا جاتا ہے؟

فواد خان آئندہ آنے والی سیریز برزخ میں صنم سعید کے ہمراہ دکھائی دیں گے (فوٹو: سکرین گریب)

 

تو ’زندگی گلزار ہے‘ کے اداکار نے مسکراتے ہوئے کہا کہ ’یہ تو بہت مشکل سوال ہے، مجھے انڈیا سے بہت پیار ملا ہے، سیاست ہر جگہ ہوتی ہے تاہم کسی بھی شخص کے لیے اپنے ملک کی انڈسٹری کی سیاست کا مقابلہ کرنا قدرے آسان ہوتا ہے۔‘

اس کے علاوہ فواد خان سیریز ’برزخ‘ میں دکھائی دیں گے۔ وہ اس سیریز میں ’زندگی گلزار ہے‘ کی ہیروئن صنم سعید کے ساتھ دوبارہ کام کر رہے ہیں۔

فواد خان، ماہرہ خان اور صنم سعید نیٹ فلکس اوریجنلز کی پہلی پاکستانی سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ میں بھی ایک ساتھ دکھائی دیں گے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More