شندور پولو فیسٹیول ملتوی ہونے کی وجہ موسم یا کچھ اور؟

اردو نیوز  |  Jun 28, 2024

صوبہ خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقامات میں متعدد کیلنڈر ایونٹس شامل ہیں جس میں ہر سال منعقد ہونے والا چترال کا شندور پولو فیسٹیول بھی ہے۔ اس میگا ایونٹ میں ملک بھر سے مقامی سیاحوں اور اہم شخصیات کے علاوہ غیر ملکی سیاح بھی شرکت کرتے ہیں۔

مگر اس بار اپر چترال میں 28 جون سے شروع ہونے والا شندور پولو فیسٹیول ملتوی ہو گیا ہے اور محکمہ سیاحت نے برفباری کے امکان اور موسم کی مجموعی خرابی کو التوا کی وجہ قرار دیا ہے۔

لیکن خبریں یہ بھی ہیں کہ میلے کے التوا کے پیچھے سیاسی محرکات کار فرما ہیں، خاص طور پر پولو ٹیم کے کپتان کا ایک خاص نمبر کی شرٹ پہننے کا اعلان تنازع کی اصل وجہ بنا ہے۔

شندور میلہ ملتوی کیوں ہوا؟

24 جون کو ایک اعلامیے کے ذریعے شیندور میلے کو ملتوی کر دیا گیا اور خراب موسم کی غیر یقینی صورتحال کو وجہ بتایا گیا۔ محکمہ سیاحت کے مطابق فیسٹیول سے پہلے شندور کے مقام پر بارش ہوئی اور آئندہ دو دنوں میں مزید بارش کا امکان ہے۔

کیا شندور کے مقام پر برفباری ہوئی؟ 

محکمہ سیاحت نے برفباری کے امکان اور موسم کی مجموعی خرابی کو التوا کی وجہ قرار دیا ہے: فائل فوٹو وکی پیڈیا

سوشل میڈیا پر میلے سے قبل شندور پاس پر برفباری کی خبریں بھی زیر گردش تھیں جبکہ کچھ تصاویر بھی شئیر کی گئیں مگر محکمہ موسمیات نے اس سیزن میں برف باری کی تردید کی۔

ان کا مؤقف تھا کہ جون سے اگست کے درمیان بارش ہوتی ہے اور برفباری نہیں ہوتی۔

مقامی صحافی کریم اللہ نے بتایا کہ میلے سے کچھ روز قبل شندور گراؤنڈ جانے کا اتفاق ہوا جہاں وہ میڈیا کے اہلکاروں کے ہمراہ  میلے کے انتظامات دیکھنے گئے تھے۔

’شندور میں موسم انتہائی صاف تھا اور ہمیں کہیں بھی برفباری کے آثار نظر نہیں آئے۔ شندور پاس میں برفباری کی پرانی تصاویر شیئر کی جا رہی ہیں۔ شندور میں ہر آدھے گھنٹے بعد بادل چھا جاتے ہیں اور پھر دھوپ نکل آتی ہے۔‘

شندور میلے کے انتظامات مکمل تھے، ملتوی ہونے کے پیچھے کوئی سیاسی عمل دخل نہیں

ڈپٹی کمشنر اپر چترال عرفان الدین کے مطابق شندور ایونٹ صوبے کی سب سے بڑی سیاحتی سرگرمی ہے اور اس کے ملتوی ہونے کے پیچھے کوئی سیاسی عمل دخل نہیں ہے اور نہ کسی کھلاڑی کی وجہ سے ملتوی کیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر اپر چترال عرفان الدین نے مؤقف اپنایا کہ شندور میلے کی تیاریاں مکمل تھیں، پولو میچز کے لیے گراؤنڈ تیار کر کے ٹینٹ بھی لگا دیے گئے تھے جبکہ بجلی اور ٹیلی کمیونکیشن کا نظام بھی بحال کردیا گیا تھا۔

ڈی سی اپر چترال کے مطابق تمام تر انتظامات کے باوجود بارش کی وجہ سے میلے کو ملتوی کرنا پڑا ہے تاہم محرم کے بعد موسم کو دیکھ کر نئی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔

شندور کے تین روزہ میلے کو دیکھنے کے لیے ہر سال لاکھوں سیاح شندور جاتے ہیں: فائل فوٹو عرب نیوز

ضلع چترال کے ذمہ دار افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اردو نیوز کو بتایا کہ شندور میلہ سیاست کی نذر ہوگیا۔

’پری شندور پولو ٹورنامنٹ میں پولو ایسو سی ایشن کے صدر سکندر الملک نے فائنل میچ کے دوران ایک خاص نمبر کی شرٹ پہن رکھی تھی۔ گراؤنڈ میں نعرے بازی اور پی ٹی آئی پارٹی کے پرچم بھی لہرائے گئے۔ اس اقدام پر شائقین پولو سمیت دیگر سیاسی جماعتوں نے تنقید کی۔‘

ان کا کہنا تھا کہ شندور میں بھی سیاسی کشیدگی پیدا ہونے کا امکان تھا جس کے بعد یہ فیسٹیول متنازع بن جانا تھا۔ سرکاری افسر نے مزید بتایا کہ میلے میں شرکت کے لیے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے علاوہ وزیراعظم پاکستان اور دیگر اہم سیاسی شخصیات کو مدعو کیا گیا تھا جس کے لیے دونوں جماعتوں کے کارکنوں نے شرکت کی بھرپور تیاری کر رکھی تھی۔

ڈپٹی کمشنر اپر چترال عرفان الدین نے موقف اپنایا کہ شندور میلے کی تیاریاں مکمل تھیں: فائل فوٹو عرب نیوز

پولو ایسو سی ایشن کے صدر اور پولو ٹیم کے کپتان سکندر الملک نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ شندور میلے کو موسم کی خرابی کی وجہ بتا کر ملتوی کرنے کا فیصلہ اچانک کیا گیا ہے۔

’مجھ سمیت چترال میں کسی کو اس کا علم نہیں تھا۔ مجھے بہت حیرانی ہوئی کہ اچانک موسم کو وجہ قرار دیا گیا حالانکہ آج کل کے دور میں موسم کی پیشگوئی نہایت آسان ہے۔‘

 ان کا کہنا تھا ’میں پی ٹی آئی اپر چترال کا صدر ہوں اور پولو ٹیم کا کپتان بھی۔ اگر میں نے پری میچ میں ایک خاص نمبر کی شرٹ پہن لی تھی تو اس میں کیا قباحت ہے۔‘

کھیل کو متنازع بنایا گیا

پولو ایسو سی ایشن کے صدر کے مطابق شندور میلے کو ملتوی کرنے کا فیصلہ اچانک کیا گیا ہے: فائل فوٹو عرب نیوز

اس تمام تر صورتحال پر چترال کے شائقین کا کہنا تھا کہ پولو چترال کا ثقافتی کھیل ہے جو صدیوں سے کھیلا جا رہا ہے مگر پولو میں سیاست کو دھکیلا جا رہا ہے جو تشویشناک ہے۔

شائقین نے پولو کپتان کے ایک خاص نمبر کی شرٹ پہننے پر تنقید کی اور کہا کہ پولو کے عہدیدار کو ایسا اقدام نہیں کرنا چاہیے تھا جبکہ کچھ شائقین کا موقف تھا کہ شرٹ پہننا اتنی بڑی وجہ نہیں تھی جتنا اس کو متنازع بنا کر سیاست کی جارہی ہے ۔

میلے کو ملتوی کرنے سے سیاحت کو نقصان ہوا

شندور کے تین روزہ میلے کو دیکھنے کے لیے ہر برس بڑی تعداد میں سیاح شندور جاتے ہیں جن میں خیبرپختونخوا کے علاوہ گلگت بلتستان سے شائقین پولو کی بڑی تعداد شامل ہے۔ تاہم میلے کے ملتوی ہونے کا سن کر نہ صرف دونوں جانب شائقین پولو اداس ہیں بلکہ آنے والے سیاح بھی خفا ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More