سوات میں ہجوم کے ہاتھوں شہری کی ہلاکت پر تشویش ہے: امریکہ

اردو نیوز  |  Jun 26, 2024

امریکہ نے سوات میں توہین مذہب کے الزام میں مشتعل ہجوم کے ہاتھوں ایک شخص کی ہلاکت پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

بدھ کو واشنگٹن میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر سے جب واقعے کے حوالے سے سوال پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ’ہمیں مذہب کی بنیاد پر تشدد کے واقعات پر تشویش ہے، ہم ان تمام لوگوں کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہیں جو ایسے واقعات کا شکار ہوئے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’ہم پہلے بھی کئی بار کہہ چکے ہیں کہ تشدد یا کسی دوسرے شخص کے خلاف تشدد کی دھمکی اظہار کی قابل قبول شکل نہیں ہے۔‘

 پاکستان میں اقلتیوں کے خلاف کارروائیوں کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر میتھیو ملر کا کہنا تھا کہ ’ہم ایسی رپورٹس سے باخبر ہیں اور پاکستان کے حکام پر زور دیتے ہیں کہ وہ بنیادی اور انسانی حقوق کا احترام یقینی بنائیں۔‘

ایک اور سوال کے جواب میں میتھیو ملر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام کو دہشت گردی کا سامنا ہے کسی ملک کو ایسی صورت حال کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔

ان کے مطابق ’علاقائی سلامتی کو لاحق خطرات سے نمٹنے کے حوالے سے امریکہ اور پاکستان کے مفادات یکساں ہیں۔ ہم دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کی حمایت کرتے ہیں۔‘

میتھیو ملر کا مزید کہنا تھا کہ ’سکیورٹی ایشوز پر ہماری پاکستان کے ساتھ شراکت داری میں دہشت گردی کے خلاف اعلٰی سطح کی بات چیت بھی شامل ہے۔‘

مزید خبریں

تازہ ترین خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More