لاہور۔13جون (اے پی پی):انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاہے کہ پنجاب پولیس اعلیٰ تعلیم یافتہ افسران اور جوانوں پر مشتمل بہترین پروفیشنل فورس ہے جو شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کیلئے اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر صوبہ بھر میں شب و روز مصروف عمل ہے، اس سال 195 پولیس جوان ڈکیتوں، منشیات فروشوں اور بدمعاشوں سے مقابلوں میں زخمی ہوئے جن کے بہترین علاج اور جلد از جلد بحالی کیلئے محکمہ ہر ممکن معاونت فراہم کر رہا ہے۔ان خیالات کا اظہارا نہوں نے آج جمعرات کے روزسنٹرل پولیس آفس میں راولپنڈی ریجن کے بہترین کارکردگی کے حامل افسران واہلکاروں کو تعریفی اسناد و انعامات دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ سیف سٹیز پراجیکٹس کا دائرہ کار پنجاب کے تمام اضلاع تک پھیلا رہے ہیں، اب تک پولیس کے مختلف کیڈرز میں 20 ہزار سے زائد پروموشن دیں، مزید سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ رواں برس فورس کی ویلفیئر پر 350کروڑ روپے، ڈویلپمنٹ پراجیکٹس اور سیف سٹیز پر خطیر رقم خرچ کی جائے گی۔پولیس کے ترجمان کے مطابق اغوا برائے تاوان، اندھے قتل اور سنگین جرائم کی دیگر وارداتوں کے ملزمان کی سرکوبی کرنے والی پولیس ٹیموں کی حوصلہ افزائی کیلئے سنٹرل پولیس آفس میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں آئی جی پنجاب نے راولپنڈی ریجن کی 9پولیس ٹیموں کو کیش انعامات اور تعریفی اسناد سے نوازا، ضلع راولپنڈی کی 6، جہلم کی 2اور چکوال کی ایک پولیس ٹیم کو اعزازات سے نوازا گیا۔انسپکٹر سجاد الحسن و ٹیم کو قتل اور ڈکیتی کے 5سنگین مقدمات میں ملوث خطرناک اشتہاری ملزم گرفتار کرنے پر انعامات سے نوازا گیا۔کانسٹیبل اسماعیل رئوف کی شہادت میں ملوث ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے پر سب انسپکٹر ظہیر بیگ و پولیس ٹیم کو تعریفی اسناد و انعامات سے حوصلہ افزائی کی گئی، پانچ لاکھ روپے تاوان کیلئے اغوا ہونے والے مغوی کی بحفاظت بازیابی اور ملزمان کی گرفتاری پر انسپکٹر یاسر محمود و ٹیم کی حوصلہ افزائی کی گئی، 90 لاکھ مالیت کا مال مسروقہ برآمد کرنے اور ملزمان کی گرفتاری پر چکوال کے سب انسپکٹر ضمیر حسین و ٹیم کو اسناد و انعامات سے نوازا گیا۔