دنیا میں پناہ گزینوں اور بے گھر افراد کی تعداد 120 ملین سے تجاوز کر چکی، اقوام متحدہ

اے پی پی  |  Jun 13, 2024

اقوام متحدہ ۔13جون (اے پی پی):اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں پناہ گزینوں اور بے گھر افراد کی تعداد 120 ملین سے تجاوز کرچکی ہے۔

تاس نے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین کی سالانہ گلوبل ٹرینڈز رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ پناہ گزینوں اور بے گھر افراد کی تعداد اپریل 2024 کے آخر تک 120 ملین سے تجاوز کرچکی ، ایک اندازے کے مطابق 2023کے آخر میں117.3 ملین لوگ ظلم و ستم، تنازعات، تشدد، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور امن عامہ کو سنگین طور پر پریشان کرنے والے واقعات کی وجہ سے بے گھر ہوئے،یہ اضافہ 2022 کے اختتام کے مقابلے میں 8 فیصد یا 8.8 ملین (88 لاکھ)زیادہ ہے۔

یواین ایچ سی آر کا اندازہ ہے کہ 2024 کے پہلے چار مہینوں میں جبری نقل مکانی میں مسلسل اضافہ ہوا اور اپریل 2024 کے آخر تک امکان ہے کہ یہ تعداد 120 ملین سے تجاوز کر گئی۔

ادارے کا کہنا ہے کہ جبری نقل مکانی امن اور سلامتی کو برقرار نہیں رکھ سکتی ، 2023 میں کم از کم 27.2 ملین لوگ اپنے گھر چھوڑنے پر مجبور ہوئے اور ان میں سے ہر چوتھے کو اپنا آبائی ملک چھوڑنا پڑا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دنیا بھر میں تقریباً تین چوتھائی مہاجرین پانچ ممالک افغانستان، شام، وینزویلا، یوکرین اور سوڈان سے آتے ہیں ، 2023 کے آخر میں یوکرین سے آنے والے پناہ گزینوں کی تعداد 60 لاکھ رہی جو 2022 کے مقابلے میں پانچ فیصد زیادہ ہے۔

تقریباً 2.6 ملین افراد یا یوکرینی مہاجرین کے 44 فیصد نے پڑوسی ممالک میں پناہ حاصل کی ،تاہم گزشتہ سال تقریباً 6.1 ملین لوگ اپنے گھروں کو بھی لوٹے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More