وفاقی بجٹ میں صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے لئے ہیلتھ انشورنس کا اعلان ، وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ کی صحافی برادری کو مبارکباد

اے پی پی  |  Jun 12, 2024

اسلام آباد۔12جون (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاءاللہ تارڑ نے وفاقی بجٹ 25۔2024ءمیں صحافیوں اور میڈیا ورکرز کیلئے ہیلتھ انشورنس سکیم کی بحالی کے اعلان پر صحافتی برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو ہیلتھ انشورنس کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، صحافی ہمارے معاشرے کا اہم حصہ ہیں، جمہوریت کی مضبوطی میں ان کے کردار سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔

بدھ کو اپنے بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ صحافیوں کو ہیلتھ انشورنس کی فراہمی تاریخی قدم ہے جو ہمارے ملک کے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی صحت اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانے میں مدد فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ سکیم کے تحت پہلے مرحلے میں پانچ ہزار صحافیوں اور میڈیا ورکرز جبکہ دوسرے مرحلے میں مزید 10 ہزار صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو ہیلتھ انشورنس فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے بھی مشکور ہیں جنہوں نے دوسری مرتبہ وزارت عظمیٰ کا چارج سنبھالنے کے بعد صحافیوں کیلئے ہیلتھ انشورنس سکیم کا دوبارہ آغاز کیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More