مکہ۔12جون (اے پی پی):عازمین اس جمعہ کو مناسک حج کا آغاز یوم الترویہ کے دن منیٰ کے لئے روانگی سے کریں گے اور حضرت محمد ﷺکی سنت کے مطابق 9 ذوالحجہ کو عرفات کی طرف کوچ کی تیاری کریں گے۔اس سال فریضہ حج کی ادائیگی کا آغاز سعودی حکام کی طرف سے سکیورٹی،صحت ،خدمات اور لاجسٹک سیکٹر میں نافذ کئے گئے طریق ہائے کار اور خدمات کی فراہمی کے جامع نظام کے ساتھ ہو رہا ہے۔سعودی حکام نے صرف حج پرمٹ اور نسک کارڈ رکھنے والے عازمین کے مقامات مقدسہ میں داخل ہونے ہونے کو یقینی بنانے کے لئے، اقدامات کو سخت کیا ہے۔ نسک کارڈ ، جو شناختی دستاویز کا کام دیتا ہے،عازمین کو مکہ میں قیام اور پورے حج سیزن کے دوران مقامات مقدسہ کے اندر ان کی نقل وحرکت کا اہل بناتا ہے۔حج سکیورٹی فورسز اور ان سے منسلک اداروں نے عازمین کو تحفظ فراہم کرنے اور مقررہ مدت کے اندر مقامات مقدسہ میں ان کی نقل و حرکت میں سہولت فراہم کرنے کے لئے سکیورٹی کے جامع معیارات مقرر کئے ہیں۔ انہوں نے حج کے ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کو گرفتار کرنے اور ان کو جرمانے کرنے کے لئے بھی کام کیا ہے۔ حالیہ عرصے میں حج کے ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے تین لاکھ افراد کے خلاف کارروائی کی گئی ہے جن میں بغیر پرمٹ افراد کے ساتھ ساتھ سیاحتی ویزہ پر آنے والے 153,998غیر ملکی بھی شامل ہیں۔ سعودی وزارت حج و عمرہ نے ایک بار پھر اس بات کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے کہ ہر ایک عازم حج کے لئے فریضہ حج کی ادائیگی کے دوران نسک کارڈ اپنے پاس رکھنا ضروری ہے۔ یہ کارڈ مقامات مقدسہ میں عازمین کی تصدیق کا واحد ثبوت ہےجو ایک شناختی دستاویز کی حیثیت سے مختلف خدمات تک ان کی رسائی میں سہولت فراہم کرتا ہے۔سعودی وزارت حج و عمرہ کی طرف سے اس حج سیزن کے لئے متعارف کرایا گیا نسک کارڈ عازمین کے مقامات مقدسہ میں داخلے کے لئے انتہائی ضروری ہے۔ صرف حج پرمٹ رکھنے والے عازمین ہی نسک کارڈ حاصل کر سکتے ہیں جبکہ اس کی خلاف ورزی کرنے والوں کو بلا امتیاز سزائوں کا سامنا کرنا ہوگا۔ سعودی عرب کے وزیر حج و عمرہ توفیق الربیعہ نے مملکت سعودی عرب کے ضیوف الرحمٰن کی خدمت کے اس عزم کا اعادہ کیا ہے جو وہ اپنے قیام سے ہی کر رہی ہے۔ انہوں نے عازمین حج کی مقامات و مشاعر مقدسہ آمد اور اس بات کو یقینی بنانے کے لئے کہ وہ مناسک حج کو آسانی،سہولت اور اعلی ترین معیار کی دیکھ بھال اور توجہ کے ساتھ ادا کرسکیں، سعودی قیادت کے عزم کو اجاگر کیا۔انہوں نے تمام عازمین کو جامع خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے حج کے ضوابط اور متعلقہ ہدایات کی پابندی کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔سعودی عرب کی کونسل آف سینئرسکالرز (ھیئة کبار العلما السعودی ) نے فتویٰ جاری کیا ہے کہ حج پرمٹ کے حصول کے بغیر حج کی ادائیگی ممنوع ہے جس کا مطلب ہے کہ حج کی ادائیگی کے لئے حج پرمٹ حاصل نہ کرنا گناہ ہے۔ جو لوگ حج پرمٹ حاصل نہیں کر سکتے وہ فریضہ حج کی ادائیگی کے اہل تصور نہیں ہوتے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ حج کی ادائیگی کے لئے حج پرمٹ کا حصول شرعی اصولوں کے مطابق ہے جس کا مقصد عازمین حج کو فریضہ حج کی ادائیگی کے دوران نظم اور ان کے تحفظ کو یقینی بناکر ا ن کو زیادہ سے زیادہ فوائد پہنچانا اور ان کے ممکنہ نقصان کو کم سے کم کرنا ہے۔\932