مکہ المکرمہ۔12جون (اے پی پی):عازمین حج کی آگاہی اور رہنمائی کے لئے قائم حج میڈیا ہب میں لوگوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے ۔سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے بھی حج میڈیا ہب میں اپنا پویلین قائم کیا ہے جہاں مکہ روٹ کے تحت اقدامات سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔ یہ اقدام سعودی ویژن 2030 کے تحت حجاج کے تجربے کے پروگرام کا ایک حصہ ہے، اس کا مقصد مختلف سرکاری اداروں کے ساتھ مل کر مکہ روٹ سے فائدہ اٹھانے والے ممالک کے عازمین حج کو اعلیٰ معیار کی خدمات فراہم کرنا ہے۔ وزارت میڈیا کے زیر اہتمام حج میڈیا ہب 10 سے 16 جون تک مکہ چیمبر ایگزیبیشنز اینڈ ایونٹس سنٹر میں جاری ہے۔ اس تقریب کا مقصد حج کے ضوابط اور ہدایات پر عمل کرنے کی اہمیت کے بارے میں بیداری پیدا کرنا ہے تاکہ عازمین کے آرام اور حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔وزارت داخلہ کے پویلین میں آنے والوں کو مکہ روٹ انیشیٹو کے ذریعے کئی ممالک کے عازمین حج کے سفر میں سہولت فراہم کرنے میں اہم کردار کے بارے میں جاننے کا موقع ملتا ہے۔ اس سال سات ممالک کے 11 ہوائی اڈوں پرعازمین حج کو ان کے اپنے ملک میں چیکنگ اور کلیرنس کی سہولت چھٹی بار فراہم کی گئی ہے۔پاکستان، ملائیشیا، انڈونیشیا، مراکش، بنگلہ دیش، ترکی اور آئیوری کوسٹ کو اس سال یہ سہولت فراہم کی جارہی ہے۔اس سہولت کی بدولت اب ان ممالک کے عازمین حج کو سعودی عرب میں لمبی قطاروں میں نہیں کھڑا ہونا پڑتا ۔ وزارت داخلہ حج میڈیا ہب میں جنرل سیکیورٹی سیکٹرز، جنرل ایڈمنسٹریشن آف سیکیورٹی پیٹرولز، جنرل ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس، اور نیشنل سینٹر فار سیکیورٹی آپریشنز کی جانب سے فراہم کردہ خدمات کی نمائش کے لیے شرکت کر رہی ہے۔