ہائیڈ ایڈیسن ایلیمنٹری اسکول جارج ٹاؤن واشنگٹن ڈی سی کے طلباء کا پاکستانی سفارت خانے کا دورہ، پاکستان اور امریکہ میں تنوع اور جمہوریت کی اقدار مشترک ہیں، مسعود خان

اے پی پی  |  Jun 11, 2024

واشنگٹن ڈی سی۔11جون (اے پی پی):ہائیڈ ایڈیسن ایلیمنٹری اسکول جارج ٹاؤن واشنگٹن ڈی سی کے طلباء نے ایمبیسی ایڈاپشن پروگرام کے ایک حصے کے طور پر پاکستان کے سفارت خانے کا دورہ کیا، جو کہ اسکولوں ، سفارتی مشنوں اور بین الاقوامی تنظیموں کے درمیان ثقافتی تبادلے کو فروغ دینے میں ڈ سٹرکٹ آف کو لمبیاکا اہم اقدام ہے ۔دورے کے دوران، طلباء نے دلکش پریزنٹیشنز کے ذریعے پاکستان کے بارے میں اپنے علم کا مظاہرہ کیا، جس میں ملک کے جغرافیہ، متحرک ثقافت، لذیذ پھلوں اور کھیلوں کی بھرپور روایات کو اجاگر کیا گیا ۔

پرفارمنگ آرٹس اور ڈی سی پبلک اسکولز کے درمیان تقریباً 50 سالہ شراکت داری، ایمبیسی ایڈاپشن پروگرام ہر سال ڈی سی کے تمام وارڈز کے اسکولوں میں پانچویں اور چھٹی جماعت کے ہزاروں طلباء کو 50 سے زیادہ سفارت خانوں اور قونصلر سمیت دیگر سفارتی اداروں سے جوڑتا ہے ۔ واشنگٹن ڈی سی میں پاکستان کے سفارت خانے کے دورہ میں ہائیڈ ایڈیسن ایلیمنٹری اسکول کے پانچویں جماعت کے 50 ذہین طالب علموں نے شرکت کی، جس کی قیادت اسکول سپروائزر میری کونولی نے کی ۔اس موقع پر پاکستانی سفیر مسعود خان نے تنقیدی سوچ اور طویل مدتی اہداف کے تعین کی اہمیت پر زور دیا اور پاکستان اور امریکہ دونوں مما لک میں تعلیم کی اہمیت پر زور دیا ۔

مسعود خان نے کہا کہ پاکستان تعلیم کے شعبے میں بہت زیادہ سرمایہ کاری کر رہا ہے اور حکومت کی اولین ترجیح اسکول سے باہر بچوں کو تعلیم کے مرکزی دھارے میں لانا ہے ۔اپنے ریمارکس میں اسکول کی سپروائزر میری کونولی نے سفیر مسعود خان کا شکریہ ادا کیا ۔اس سال کا ایمبیسی ایڈاپشن پروگرام بھی منفرد اور خاص تھا کیونکہ پہلی بار اس پروگرام میں پاکستان کے ایک سکول نے بھی شرکت کی ۔ روٹس ملینیم سکول اسلام آباد کیمپس کے طلباء نے جو کہ پاکستان کے مشہور سکول چینز میں سے ایک ہے نے یہاں واشنگٹن ڈی سی میں ہائیڈ ایڈیسن ایلیمنٹری سکول میں اپنے ہم منصبوں کے ساتھ قابل قدر بات چیت کی ۔

تقریب کے دوران دی ملینیم ایجوکیشن کے سی ای او فیصل مشتاق اور پروگرامز کی ڈائریکٹر سبینا ذاکر کے خصوصی پیغامات سنائے گئے جس میں دونوں ممالک کے نوجوان طلباء کو جوڑنے کے اس اقدام پر سفیر مسعود خان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا گیا ۔دورے کا اختتام سفیر مسعود خان کی طرف سے طلباء اور اساتذہ کو ایمبیسی آف پاکستان میں مینگو فیسٹیول میں بطور اعزازی مہمان شرکت کرنے کی خصوصی دعوت پر ہوا جس میں سفارت کاری کی اہمیت اور ایمبیسی اور ہائیڈ ایڈیسن ایلیمنٹری سکول کے درمیان مضبوط رشتے پر زور دیا گیا ۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More