پی ٹی ڈی سی اور ورلڈ بینک پاکستان کے اشتراک سے منعقدہ دو روزہ ٹریول اینڈ ٹورازم سمپوزیم اختتام پذیر

اے پی پی  |  Jun 11, 2024

اسلام آباد۔11جون (اے پی پی):پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن اور ورلڈ بینک پاکستان کے اشراک سے پی این سی اے میں منعقدہ دو روزہ ٹریول اینڈ ٹورازم سمپوزیم اختتام پذیر ہو گیا۔ دو روزہ ایونٹ ٹورازم سمپوزیم کا موضوع “سیاحت کے ذریعے قومی معیشت کی تعمیر” تھا۔ تقریب کے دوسرے روز چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں سیاحت کے صنعت کی پائیدار ترقی اور مستقبل کے روڈ میپ کی ترقی کے لئے 400 سے زائد قومی اور بین الاقوامی سیاحت کے ماہرین، صنعت کے ماہرین اور فیصلہ سازوں سمیت مختلف ٹور آپریٹرز نے شرکت کی۔

سمپوزیم کے دوسرے روز صوبائی سیاحتی محکمہ جات نے اپنے صوبوں میں موجود سیاحتی مقامات اور ان میں سرمایہ کاری کے مواقع کے بارے میں شرکاء کو آگاہ کیا۔ چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ کانفرنس کے شرکاء اور سٹیک ہولڈرز کی طرف سے دئیے گئے تمام گزارشات وزیر اعظم کے سامنے رکھیں گے تاکہ سیاحت کے شعبہ میں درپیش مسائل کو بروقت حل کیا جا سکے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت پاکستان سیاحت کو فروغ دینے کے لئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائے گی اور اس سلسلے میں آنے والے دنوں میں حکومت سیاحت کے فروغ کے لئے دو پائلٹ پراجیکٹس لا رہی ہیں جن میں اسلام آباد کے لئے ڈبل ڈیکر بسز اور شکر پڑیاں اسلام آباد میں ماحول دوست گائوں کا قیام شامل ہیں۔

انہوں نے کانفرنس میں شرکت کرنے والے تمام غیر ملکی مندوبین اور سرمایہ کاروں کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کامیاب کانفرنس کے انعقاد پر ایم ڈی پی ٹی ڈی اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔ اپنے اختتامی خطاب میں پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے مینجنگ ڈائریکٹر آفتاب احمد رانا نے کہا کہ سیاحت کی صنعت ایک چیلنج کا درجہ رکھتی ہے۔ اس ایونٹ کا مقصد سیاحت سے متعلق سٹیک ہولڈرز کو اکھٹا کرنا تھا تاکہ ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اس طرح کی کانفرنس 20 سال پہلے ہوئی تھی۔ آفتاب الرحمان رانا نے کہا کہ سمپوزیم میں سامنے آنے والی سفارشات کو متعلقہ فورمز کے ساتھ شیئر کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس سمپوزیم میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان میں سیاحت کے حوالے سے ایک مکمل وزارت کا قیام وقت کی ضرورت ہے۔ تقریب سے ورلڈ بینک پاکستان کی نمائندہ کرن افضل نے بھی خطاب کیا اور ورلڈ بینک پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹرناجی بین حسین کی طرف سے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا جبکہ تقریب کے اختتام پر مہمانوں کو سوینئرز بھی پیش کئے گئے۔ سمپوزیم میں مختلف موضوعات پر چار مختلف پینل مباحثے بھی ہوئے جن میں مختلف سطحوں پر سیاحت کے فروغ اور پاکستان میں سیاحتی مقامات اور مواقع کو دنیا میں متعارف کرانے کے لیے تجاویز اور روڈ میپ مرتب کیا گیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More