کھجور میلہ رواں سال پاکستان میں منعقد کیا جائے گا، متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی

اے پی پی  |  Jun 11, 2024

ابوظہبی۔11جون (اے پی پی):متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی سے خلیفہ انٹرنیشنل ایوارڈ برائے کھجور پام اینڈ ایگریکلچر انوویشن کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر عبدالوہاب زید نے ملاقات کی۔

ابوظہبی میں پاکستان کے سفارت خانہ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان کھجور کی کاشت، پیداوار اور پروسیسنگ ٹیکنالوجی میں پاکستان کی استعداد کار کو مضبوط بنانے کے لیے تعاون اور پاکستان میں 2024 کی آخری سہ ماہی میں منعقد ہونے والے ڈیٹ پام فیسٹیول کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سیکرٹری جنرل نے پاکستان میں کھجور کی کاشت کے شعبے کی ترقی اور استحکام کیلئے خلیفہ ایوارڈ کی حمایت کا اعادہ کیا۔

سفیر فیصل نیاز ترمذی نے خلیفہ انٹرنیشنل ایوارڈ کی حمایت کو سراہا اور پاکستان میں فیسٹیول کے انعقاد اور فریقین کے درمیان پہلے سے طے شدہ مفاہمت کی یادداشت پر عمل درآمد کے لئے تعاون کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاکستان کی وفاقی وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ اور خلیفہ انٹرنیشنل ایوارڈ برائے کھجور اور زراعت کے لیے متحدہ عرب امارات نے فروری 2024 میں ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More