صدر آئی سی سی آئی احسن ظفر بختاوری نے سپر مارکیٹ میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کر دیا

اے پی پی  |  Jun 11, 2024

اسلام آباد۔11جون (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا ہے کہ سپر مارکیٹ کا تین سالوں سے غیر فعال واٹر فلٹریشن پلانٹ فعال کردیا گیا ہے، پبلک ٹرانسپورٹ کے نئے روٹس کے تعین کے لئے چیئرمین سی ڈی اے سے رابطے میں ہیں ۔ یہ بات انہوں نے ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن سپر مارکیٹ کے زیر اہتمام واٹر فلٹریشن پلانٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اسلام آباد کی مختلف مارکیٹوں میں نئے واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب کا کام شروع کیا تو سپر مارکیٹ کے تین سالوں سے غیر فعال واٹر فلٹریشن پلانٹ کو بھی بھی فعال بنایا جس سے تاجروں کے ساتھ ساتھ ایف سکس کے رہائشی بھی فائدہ اٹھا رہے ہیں، بہت جلد پلانٹ کے ساتھ ایک بہت بڑا واٹر کولر بھی نصب کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم پورے خلوص اور لگن سے کمیونٹی کی خدمت کر رہے ہیں جو بطور صدر آئی سی سی آئی میری مدت پوری ہونے کے بعد بھی جاری رہے گی۔ احسن ظفر بختاوری نے مزید کہاکہ وہ پبلک ٹرانسپورٹ کے نئے روٹس کے تعین کے لئے چیئرمین سی ڈی اے سے رابطے میں ہیں جو نہ صرف عوام کے لیے سود مند ثابت ہوں گے بلکہ شہر کی تمام مارکیٹوں کو آپس میں ملانے میں کافی مدد ملے گی۔صدر ٹی ڈبلیو اے سپر مارکیٹ شہزاد شبیر عباسی نے کہا کہ احسن ظفر بختاوری کے دور میں تاجر برادری کو جو عزت و احترام دیا گیا وہ واقعی قابل تعریف ہے۔

صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ نے کہا کہ عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی بہت اہمیت کی حامل ہے ۔ بلیو ایریا ٹی ڈبلیو اے کے صدر راجہ حسن اختر نے آئی سی سی آئی کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ بلیو ایریا میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب کا ابتدائی کام شروع کر دیا گیا ہے اور جلد ہی اس کا بھی افتتاح کیا جائے گا۔ اپنے خطاب میں سیکرٹری جنرل یونائیٹڈ بزنس گروپ ظفر بختاوری نے سپر مارکیٹ کو پاکستان کا فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کاروبار دوست ماحول کو مزید بڑھانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گا۔

ٹی ڈبلیو اے آئی ایٹ مرکز کے جنرل سیکرٹری زاہد قریشی نے احسن ظفر بختاوری کا آئی ایٹ مرکز کے لئے سی سی ٹی وی کیمروں کا تحفہ دینے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے علاقے میں جرائم پر قابو پانے میں مدد ملی ہے۔جنرل سیکرٹری جناح سپر مارکیٹ عبدالرحمن صدیقی نے کمیونٹی کی بہتری کے لیے جاری فلاحی منصوبوں کے بارے میں تفصیل سے بات کی۔اس موقع پر صدر جناح سپر مارکیٹ اسد عزیز، گروپ لیڈر بلیو ایریا یوسف راجپوت، راجہ فیاض گل، چوہدری ناصر محمود، خالد چوہدری، امتیاز عباسی، ملک شبیر، شیخ عبدالوحید اور دیگر بھی موجود تھے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More