آئندہ مالی سال 25۔2024 کا وفاقی بجٹ (کل) پیش کیا جائے گا، تمام تر تیاریاں مکمل

اے پی پی  |  Jun 11, 2024

اسلام آباد۔11جون (اے پی پی):وفاقی حکومت آئندہ مالی سال 25۔2024 کیلئے 18 ٹریلین روپے سے زائد مالیت کا وفاقی بجٹ (کل) بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس میں پیش کرے گی۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت میں موجودہ اتحادی حکومت کا یہ پہلا وفاقی بجٹ ہے۔ وفاقی حکومت اندرونی اور بیرونی دونوں سطح پر درپیش چیلنجز کے درمیان اپنا پہلا بجٹ پیش کر رہی ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب بدھ کی شام قومی اسمبلی کے اجلاس میں بجٹ پیش کریں گے جبکہ اسی وقت بجٹ دستاویزات ایوان بالا میں بھی پیش کی جائیں گی۔ نئے مالی سال کیلئے ایف بی آر کے محصولات کا ہدف 12 ہزار ارب روپے سے زائد رکھنے کا امکان ہے، وفاق اور صوبوں کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کاحجم 3.792 ٹریلین روپے رکھنے کا امکان ہے جس سے مجموعی قومی پیداوار کی شرح میں اضافہ ممکن ہو سکے گا جو جاری مالی سال کے دوران 2.4 فیصد رہا، نئے مالی سال میں مجموعی قومی پیداوارمیں اضافہ کا ہدف 3.6 فیصد سے زیادہ رکھنے کا امکان ہے۔

نئے مالی سال کے وفاقی بجٹ میں وفاقی حکومت کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کاحجم 1221 ارب روپے رکھنے کا امکان ہے۔ نئے مالی سال میں وفاقی حکومت 2022 کے سیلاب کے بعد بحالی اورتعیرنو کی کوششوں میں تیزی لائی جائیگی اور اس ضمن میں5ایز کے اقدامات کے نفاذ کو یقینی بنایا جائے گا۔ نئے مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کی تشکیل میں قومی اقتصادی کونسل اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی سفارشات و ہدایات کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے، نئے مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شعبہ جاتی حکمت عملی، بنیادی ڈھانچہ کی ترقی، صنعتی سرگرمیوں میں اضافہ، توانائی میں کفایت، آبی وسائل کی ترقی ، ٹرانسپورٹ اور مواصلات کو بہتر بنانے، سماجی شعبوں، سائنس اور آئی ٹی، گورننس، پیداواری شعبوں اور متوازن علاقائی ترقی کو یقینی بنایا گیاہے ۔

حکومت نے ملکی اور بین الاقوامی محاذوں پر معیشت کو درپیش موجودہ چیلنجز اورمشکلات کے تناظر میں بجٹ تشکیل دے رہی ہے جس کے بیشتر نکات کوتقریباً حتمی شکل دی جا چکی ہے۔ نئے مالی سال کے وفاقی بجٹ میں عوام کی تکالیف کو کم کرنے، زرعی شعبے میں بہتری لانے، انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کو فروغ دینے اور برآمدات میں اضافہ پرخصوصی توجہ دی گئی ہے۔

نئے مالی سال کے وفاقی بجٹ میں مالیاتی انتظام کے علاوہ محصولات کومتحرک کرنے، معاشی استحکام اور نمو کے لئے اقدامات، غیر ترقیاتی اخراجات میں کمی، روزگار کے مواقع میں اضافہ اور ملک کی سماجی و اقتصادی خوشحالی کے لئے عوام دوست پالیسیاں شامل ہوں گی۔ ذرائع نے بتایا کہ نئے مالی سال کے وفاقی بجٹ کیلئے تمام ترتیاریاں مقررہ نظام الاوقات کے مطابق زور و شور سے جاری ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More