نائب وزیر اعظم محمد اسحاق ڈار کی اردن میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس سے ملاقات

اے پی پی  |  Jun 11, 2024

عمان۔11جون (اے پی پی):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے اردن میں منعقد ہونے والی “غزہ کے لیے فوری انسانی ردعمل” کے موضوع پر اعلیٰ سطحی کانفرنس کے موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس سے ملاقات کی۔ منگل کو دفتر خارجہ کی ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے اردن اور مصر کے ساتھ مشترکہ طور پر کانفرنس کے انعقاد کے اقدام کو ایسے وقت میں سراہا جب فلسطین کے عوام کو بین الاقوامی حمایت اور فوری انسانی امداد کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی سطح پر غزہ کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرنے میں سیکرٹری جنرل کی قیادت اور فعال کردار کو بھی سراہا۔ نائب وزیراعظم نے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کی جانب سے طاقت کے اندھا دھند اور وحشیانہ استعمال کی پاکستان کی شدید اور واضح مذمت کا اعادہ کرتے ہوئے اسرائیل کی طرف سے کیے جانے والے جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کا احتساب کرنے، فوری اور غیر مشروط جنگ بندی، غزہ کے محصور لوگوں کو بلا روک ٹوک انسانی امداد پہنچانے اور بے گھر فلسطینیوں کی واپسی کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل پر بھی زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر کے دیرینہ تنازعہ کے منصفانہ حل کے لیے اپنا اثر و رسوخ استعمال کریں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More