سعودی عرب اور اقوام متحدہ میں اینٹی کرپشن پلیٹ فارم کے قیام کے معاہدے پردستخط

اے پی پی  |  Jun 11, 2024

ریاض ۔11جون (اے پی پی):سعودی عرب کی نگرانی اور انسداد بدعنوانی اتھارٹی ’’ نزاہہ‘‘ اور اقوام متحدہ کے دفتر برائے منشیات و جرائم نے 20 ملین ڈالر سے ریاض اینٹی کرپشن پلیٹ فارم کے قیام کے معاہدے پر دستخط کردئیے ہیں۔ پلیٹ فارم انسداد بدعنوانی سے متعلق قانون نافذ کرنے والے اداروں کے گلوبل آپریشنز نیٹ ورک کے درمیان معلومات کا تبادلہ کرے گا۔ معاہدے پر دستخط کرنے میں مملکت کی نمائندگی کنٹرول اینڈ اینٹی کرپشن اتھارٹی کے سربراہ مازن الکھموس نے کی اور اقوام متحدہ کے دفتر برائے منشیات و جرائم کی جانب سے دفتر کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر گادہ ولی نے کیے۔

مازن الکھموس نے وضاحت کی کہ یہ معاہدہ بدعنوانی کے خلاف اقوام متحدہ کے کنونشن کی ضرورت کے مطابق انسداد بدعنوانی سے متعلقہ ایجنسیوں کے درمیان براہ راست رابطے اور تعاون کے طریقہ کار کی کمزوری کی وجہ سے ان ممالک کو درپیش چیلنجوں کا مقابلہ کرے گا۔ انہوں نے کہا پلیٹ فارم کے قیام کے لیے مملکت سعودی عرب کی حمایت مملکت کے اس شعور کی تصدیق کرتی ہے

کہ بدعنوانی ایک سرحد پار جرم ہے۔ اور یہ کہ قریبی بین الاقوامی تعاون کے بغیر بدعنوان لوگوں اور ان کے پیسے کی محفوظ پناہ گاہوں کو محدود کرنا ممکن نہیں ہے۔واضح رہے یہ نیٹ ورک 3 جون 2021 کو ویانا میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں بدعنوانی سے نمٹنے کے لیے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے پہلے خصوصی اجلاس کے کام کے موقع پر شروع کیا گیا ۔ اس موقع پر یو این سیکرٹری جنرل گوتریش نے عالمی سطح پر انسداد بدعنوانی نیٹ ورک قائم کرنے میں مملکت کے کردار کو سراہا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More