حریت رہنما غلام محمد صفی کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں کشمیر و پاکستان کے بلا مقابلہ نئے کنوینئر منتخب

اے پی پی  |  Jun 10, 2024

اسلام آباد۔10جون (اے پی پی):حریت رہنما غلام محمد صفی کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں کشمیر و پاکستان کے بلا مقابلہ نئے کنوینئر ، پرویز احمد ایڈووکیٹ جنرل سیکرٹری اور مشتاق احمد بٹ سیکرٹری اطلاعات منتخب ہوگئے ہیں ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادجموں کشمیر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادجموں کشمیر و پاکستان کے انتخابات پیر کو اسلام آباد میں ہوئے جن میں تمام اکائیوں نے شرکت کی۔چوہدری شاہین اقبال، نثار مرزا،زاہد صفی اور محمد شفیع ڈار نے الیکشن کمیشن کے فرائض سر انجام دیئے۔نتائج کے بعد جاری کئے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کا یہ انتخاب کئی اعتبارسے منفرد حیثیت کا حامل ہے،

یہ انتخاب حریت کانفرنس کے تمام گروپوں کے اتحاد کے بعددوسری بار ہوا ہے۔ بیان میں کہاگیا ہےکہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر پر 1947 سے نا جائز اورجابرانہ طور پر قابض بھارتی حکمرانوں نے عالمی اور داخلی سطح پر اس کا فائدہ اٹھایا، اس کے باوجودکشمیری عوام کی طرف سے دی جانے والی قربانیوں میں کوئی کمی نہیں آئی ۔بیان میں کہا گیا کہ حریت کانفرنس کے نصب العین کی آبیاری میں ہزاروں شہیدوں کا خون شامل ہے، آج کے دن ہم تمام شہدا کشمیرکو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں

آج طویل انتظار اور بیش قیمت قر بانیوں کے بعد یہ موقع آیا ہے اور آزادی کی شمع کو روشن رکھنے کے لئے کل جماعتی حریت کانفرنس کی منتخب ٹیم پوری تندہی سے کام کرنے کا عہد کرتی ہے تا کہ کشمیری بھارتی تسلط سے آزادی حاصل کر سکیں اور ظلم و استبداد کے جو بادل بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر پر عرصہ دراز سے منڈلاتے آئے ہیں، وہ ختم ہو سکیں ۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More