اسلام آباد۔9جون (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی خیبر پختونخوا چیپٹرکا کانووکیشن اتوار کے روز پشاور میں منعقد ہوا۔ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی تقریب کے مہمان خصوصی تھےجبکہ وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے تقریب کی صدارت کی۔ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر فیصل کریم کنڈی نے اپنے خطاب میں کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی تعلیمی خدمات ملک بھر کی جامعات کے لئے قابل تقلید ہیں۔انہوں نے کہا کہ قیدیوں ، شہدا کے بچوں اور خواجہ سرائوں کو مفت تعلیم فراہم کرنا ملک و قوم کے لئے اوپن یونیورسٹی کی بہت بڑی خدمت ہے۔ گولڈ میڈلز اور ڈگریاں حاصل کرنے والے طلبہ کو مبارک باد دیتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ آج آپ کی عملی زندگی کے سفر کا آغاز ہے، تعلیم کو تبدیلی کا ذریعہ بنائیں اور ملک و قوم کے لئے فخر کا باعث بنیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں جامعات کی تعداد بڑھانے سے زیادہ تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبے کی 26 جامعات کے وائس چانسلر کی تعیناتی کی سمری ملتے ہی منظوری دے دوں گا ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اپنے علمی سفر کی نصف صدی مکمل کرچکی ہے اور اپنی گولڈن جوبلی منا رہی ہے۔ انہوں نے کہا آج تک اس قومی جامعہ سے 50 لاکھ طلبہ گریجویٹ ہوچکے ہیں جو ملک کے مختلف اداروں میں خدمات انجام دے رہے۔ڈاکٹر ناصر کا کہنا تھا کہ پاکستان کا شاید ہی کوئی گھر ایسا ہو جس میں ہمارا طالب علم یا گریجویٹ نہ ہو۔وائس چانسلر نے گولڈ میڈلز اور ڈگریاں حاصل کرنے والے طلبہ کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یہ یونیورسٹی آپ کی ہے اور آپ ہمارا فخر ہیں۔رجسٹرار راجہ عمر یونس نے کہا کہ یہ جامعہ ملک کے سابق وزیر اعظم شہید ذولفقار علی بھٹو کا انمول تحفہ ہے،آج ملک کا کوئی سکول، کالج یا جامعہ ایسا نہیں جس میں اس جامعہ کا تربیت یافتہ استاد خدمات انجام نہ دے رہا ہو۔گورنر اور وائس چانسلر نے 246 طلباء و طالبات میں ڈگریاں تقسیم کیں جن میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے 42طلبہ کو گولڈ میڈلز کے تمغوں سے نوازا گیا۔