پٹرول پمپ کی کارکن، ملک کی پہلی خاتون اٹینڈنٹ نے خواتین کو بااختیار بنانے کی مثال قائم کردی

اے پی پی  |  Jun 09, 2024

اسلام آباد۔9جون (اے پی پی):وفاقی دارالحکومت میں دفتر خارجہ کے قریب واقع پی ایس او فلنگ سٹیشن کی پہلی خاتون اٹینڈنٹ رخسانہ منظور نے خواتین کو بااختیار بنانے کی ایک مثال قائم کرتے ہوئے انہیں آگے بڑھنے اور زندگی کے تمام شعبوں میں حصہ لینے پر زور دیا ہے۔ اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم سیکٹر میں مقامی فلنگ سٹیشنوں پر بطور ملازم ،خواتین کی ترقی کے روشن امکانات ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اپنے خاندان کی واحد کمانے والی ہونے کے ناطے میں بے شمار چیلنجز کا سامنا کر رہی ہوں اور ایسے منفرد قسم کے پیشے کا انتخاب میری اہلیت کا نتیجہ ہے جو کوئی آسان کام نہیں تھا۔ انہوں نے خواتین سے کہا کہ وہ اپنی قسمت خود بنائیں۔رخسانہ نے کہا کہ اگر میں گھر پر بیٹھی ہوتی تو میرا کوئی مستقبل نہ ہوتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے سخت محنت کی اور مشکل میدان میں کامیابی سے اپنا کیریئر بنایا۔

انہوں نے کہا کہ اگر مجھے اپنی زندگی بدلنی ہے تو مجھے خود سے شروعات کرنی ہوگی۔ میں شکست قبول نہیں کرنے جا رہی ہوں، میں لڑوں گی اور اب پیچھے مڑ کر نہیں دیکھنا چاہیے۔رخسانہ منظور نے کہا کہ اپنی معمولی تنخواہ پر چار بچوں اور ایک بیمار شوہر کے ساتھ اپنے چھ رکنی خاندان کے ضروری اخراجات پورے کرنا بہت مشکل ہے۔ انہوں نے کہا کہ عزت کے ساتھ باوقار زندگی گزار کر خود کو معاشی طور پر خود مختار بنانے کے لیے ہر عورت کے لیے تمام شعبوں میں حصہ لینا ضروری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی واحد خاتون فلنگ سٹیشن اٹینڈنٹ کے طور پر امید کی علامت ہونے پر انہیں اپنے آپ پر فخر ہے۔   رخسانہ منظور نے کہا کہ انہیں مردوں کے زیر تسلط پیشے کے انتخاب کے لیے ہمیشہ عوامی حوصلہ ملا ہے اور وہ دوسری خواتین کے لیے رول ماڈل ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More