آسٹریلوی ہائی کمشنر نیل ہاکنز کا تعلیم اور تجارت کے ذریعے پاکستان کے مستقبل میں سرمایہ کاری کے لیے آسٹریلیا کے عزم کا اعادہ

اے پی پی  |  Jun 09, 2024

اسلام آباد۔9جون (اے پی پی):پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے تعلیم اور تجارت کے ذریعے پاکستان کے مستقبل میں سرمایہ کاری کے لیے آسٹریلیا کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لوگوں بالخصوص آسٹریلیا میں تعلیم حاصل کرنے والے نوجوانوں میں سرمایہ کاری کرکے ہم پر امید ہیں کہ وہ پاکستان کے مستقبل میں اپنا حصہ ڈالنے کے لیے قابل قدر صلاحیتوں کے ساتھ واپس آئیں گے۔

انہوں نے اسکالرشپ کی پیشکش کی مسلسل کوششوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ایگزیکٹو قیادت، موسمیاتی تبدیلی اور زراعت میں خواتین پر توجہ مرکوز کی گئی۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ آب و ہوا کے چیلنجوں اور تعاون پر مبنی کوششوں کے امکانات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صنفی مساوات اور موسمیاتی تبدیلی ہمارے لیے اہم توجہ کا مرکز ہیں۔ماحولیاتی توجہ خاص طور پر پانی اور زراعت میں ہماری معاونت کا ایک اہم پہلو ہے۔ انہوں نے اپنے حالیہ دورہ شمالی پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میں نے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو خود دیکھا ہے۔نیل ہاکنز نے تجارت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 2022 میں تجارتی حجم 2.5 ارب ڈالر تھا اور رواں سال اس میں 30 فیصد نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ کلیدی برآمدات میں زرعی مصنوعات جیسے مویشی، گندم اور کینولا شامل ہیں ۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان تقریباً 90 فیصد کینولا آسٹریلیا سے حاصل کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر آپ ناشتے میں چنےکھارہے ہیں تو امکان ہے کہ وہ بھی آسٹریلیا سے ہی ہوں گے۔یہ مکالمہ ایک تقریب کا حصہ تھا جس میں 60 پاکستانی سکالرز کی کامیابیوں کا جشن منایا گیا جنہوں نے آسٹریلیا میں باوقار آسٹریلیا ایوارڈ سکالرشپ پروگرام کے ذریعے اپنی تعلیم مکمل کی ہے۔ ان اسکالرز کو، جن میں 21 مرد اور 39 خواتین شامل ہیں کو ان کی علمی فضیلت اور لگن کے لیے تسلیم کیا گیا۔نیل ہاکنز نے کہا کہ مجھے ان پاکستانی سکالرز کے ساتھ تقریبات میں شامل ہونے پر فخر ہے جنہوں نے آسٹریلیا کے فنڈ سے اپنی تعلیم مکمل کی ہے ۔میں انہیں ان کی محنت اور لگن پر مبارکباد دیتا ہوں۔ مجھے یقین ہے کہ ان کا نیا حاصل کردہ علم اور مہارتیں پاکستان کی ترقی میں معاون ثابت ہوں گی۔ یہ آسٹریلیا کی جانب سے پاکستان کے مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔آسٹریلیا ایوارڈ اسکالرشپ پروگرام آسٹریلوی حکومت کی پاکستان کے لیے ترقیاتی امداد کا ایک اہم جز وہے۔ یہ پروگرام اسکالرز کو پاکستان میں ترقی کے لیے درکار مہارتوں سے آراستہ کرتا ہے۔

آسٹریلوی ہائی کمشنر نے کہا کہ ہم پاکستان کے تمام خطوں سے نمائندگی کو یقینی بنانے اور خواتین کو بااختیار بنانے کی حمایت کو یقینی بنانے کے خواہشمند ہیں – صنفی مساوات کو فروغ دینا آسٹریلیا کی خارجہ پالیسی میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔ ہائی کمشنر نے ایسے متعدد معاملات پر تشویش کا اظہار کیا جہاں واپسی کے وعدے کے باوجود، کچھ سکالر شپ حاصل کرنے والے پوسٹ گریجویشن کے بعد آسٹریلیا میں ہی رہ گئے ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اس طرح کے اقدامات نہ صرف اسکالرشپ کی شرائط کی خلاف ورزی کرتے ہیں بلکہ اس اقدام کے مقصد کو بھی نقصان پہنچاتے ہیں اور آخر کار اس پروگرام کے مستقبل کو خطرے میں ڈال سکتے ہیں اور خواہشمند پاکستانی ا سکالرز کو آسٹریلوی تعلیم سے محروم کر سکتے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More