پشاور۔ 09 جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سیفران اور امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سے کہا ہے کہ وہ پوائنٹ سکورنگ کی بجائے عوام کے مسائل کے حل پر توجہ دیں، خیبرپختونخوا کے عوام بلند و بانگ دعوے نہیں بلکہ ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں۔ سوات میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے گزشتہ روز خطاب کے ردعمل میں اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ نعرے لگانا بہت آسان ہے لیکن درحقیقت پی ٹی آئی کی حکومت نے اپنے 11 سالہ دور حکومت میں صوبے کےلیے کچھ نہیں کیا، یہ عناصر 9 مئی کے سانحہ کو دوبارہ دہرانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت سرکاری تنصیبات پر حملوں کی اجازت نہیں دے گی، یہ عناصر وقت ضائع کر رہے ہیں اور عوامی مینڈیٹ کی توہین کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا بھول گئے ہیں کہ ان کی پارٹی کے دور حکومت میں سیاسی رہنماؤں کو نشانہ بنایا گیا اور ان کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ عناصر کرپشن کے مقدمات کا سامنا کرنے کے بعد خود کو بے گناہ قرار دے رہے ہیں اور ملک میں دوبارہ سرمایہ کاری آنے پر شور مچا رہے ہیں۔ انجینئر امیر مقام نے کہا کہ یہ منفی عناصر پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کو برداشت نہیں کر سکتے۔