بہت سی ایجادات ماحولیات کی تباہی کا سبب بن رہی ہیں،ماحولیات کا تحفظ نہ کیا گیا تو جانداروں کی بقا خطرہ میں پڑ سکتی ہے،چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ

اے پی پی  |  Jun 08, 2024

اسلام آباد۔8جون (اے پی پی):چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا ہے کہ بہت سی ایجادات ماحولیات کی تباہی کا سبب بن رہی ہیں ، اگر ہم درختوں،چرند پرند کو بچائیں تو تبدیلی لائی جاسکتی ہے، اگر ماحولیات کا تحفظ نہ کیا گیا تو جانداروں کی بقا تک بھی خطرہ میں پڑ سکتی ہے۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ان خیالات کا اظہار لاء اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان کے زیر اہتمام ہفتہ کو یہاں سپریم کورٹ میں منعقدہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالہ سے کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر قدرتی آواز خوبصورت ہے اور قدرت کی تخلیق کردہ ہر صدا ہی سماعت پر اچھا اثر ڈالتی ہے۔ چیف جسٹس نے مزید کہا کہ بہت سی انسانی ایجادات ماحولیات کی تباہی کا سبب بن رہی ہیں۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے مزید کہا کہ ہم جب بھی کسی ڈاکٹر کے پاس جاتے ہیں تو وہ ہمیں سگریٹ نوشی ترک کرنے اور پیدل چلنے جیسے علاج کی رہنمائی کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی انسانی جسم کے ٹمپریچر میں اضافہ ہوتا ہے تو اس کا مطلب ہوتا ہے کہ ہم بیمار ہو رہے ہیں اور انسانی جسم کے ٹمپریچر میں صرف ایک ڈگری کے اضافہ کو بخار کا نام دیا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج ہماری زمین بیمار ہے اور زمین بہت زیادہ دھواں اپنے اندر سمو رہی ہے جس سے اس کے درجہ حرارت میں اضافہ ہو رہا ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ ہم پلاسٹک بنا تو رہے ہیں لیکن اس کو باقاعدہ ٹھکانے نہیں لگا رہے۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ حضرت علی علیہ السلام کا قول ہے کہ اپنے معدوں کو قبرستان مت بنائو۔ انہوں نے کہا کہ آج ہر ڈاکٹر گوشت کی بجائے سبزیوں کے استعمال کا مشورہ دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شوگر سب سے پہلی بیماری ہے جو دریافت ہوئی تھی۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ اگر ہم درختوں ،چرند پرند کو بچائیں تو نمایاں تبدیلی لائی جاسکتی ہے اور اگر ماحولیات کا تحفظ نہ کیا گیا تو جانداروں کی بقا تک بھی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔ ہمارے پیارے نبی حضرت محمدؐ نے پانی کے ضیاع سے منع فرمایا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دریا ہو ں یا چرند، پرند ان کے بھی اپنے حقوق ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم سب جانتے ہیں کہ موسمیاتی تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں اور سب کو یہ بھی معلوم ہے کہ ان تبدیلیوں کے کیا اثرات ہوں گے لیکن پھر بھی ہم موسمیاتی، ماحولیاتی تبدیلیوں کے مسائل کے تدارک کیلئے خاطر خواہ ااقدامات کرنے میں ناکام ہیں۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ جب ہم فطرت کے قریب آئیں گے تو ماحول میں نمایاں بہتری آئے گی۔ پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے بھی ماحولیاتی کانفرنس سے خطاب کیا اور لاء اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان ،سپریم کورٹ آف پاکستان کو اس اہم کانفرنس کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلو ں کے اثرات انتہائی تباہ کن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی صرف مستقبل کیلئے ہی ایک بڑا چیلنج نہیں ہے بلکہ حال کیلئے بھی خطرہ ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More