پاکستان علماء کونسل کا سعودی عرب کی سپریم کونسل آف علماء کی طرف سے جاری کردہ حالیہ فتویٰ کی مکمل حمایت کا اعلان

اے پی پی  |  Jun 08, 2024

اسلام آباد۔8جون (اے پی پی):پاکستان علماء کونسل نے سعودی عرب کی سپریم کونسل آف علماء کی طرف سے جاری کردہ حالیہ فتویٰ کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سرکاری اجازت کے بغیر حج کرنا جائز نہیں ہے۔پاکستان علماء کونسل تمام مسلمانوں سے اپیل کرتا ہے کہ وہ حج کے حوالے سے سعودی عرب کے وضع کردہ قواعد و ضوابط پر سختی سے عمل کریں۔

پاکستان علماء کونسل نے صرف سعودی حکومت کی طرف سے مجاز کمپنیوں کے ذریعے حج کی بکنگ کی اہمیت پر زور دیا۔ اس میں مزید کہا گیا کہ غیر مجاز بکنگ اور سفری انتظامات کو غیر قانونی تصور کیا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والوں کو سخت سزاؤں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ایک بیان میں پاکستان علماء کونسل کےچیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی اور پاکستان علماء کونسل کے لیڈر شپ جس میں علامہ عبدالحق مجاہد، مولانا محمد رفیق جامی، مولانا نعمان حاشر، مولانا اسد زکریا قاسمی، مولانا محمد شفیع قاسمی، مولانا اسد اللہ فاروق، علامہ زبیر عابد ،مولانا محمد رفیق ،اشفاق پتافی، مولانا ابوبکر حمید صابری، مولانا طاہر عقیل اعوان، مولانا عزیز اکبر قاسمی، مولانا حق نواز خالد، مولانا عبید اللہ گورمانی، علامہ طاہر الحسن، مولانا حنیف عثمانی، مولانا محمد اصغر کھوسہ، مولانا انوار الحق مجاہد اور مولانا سعد اللہ لدھیانوی شامل ہیں نے اس بات پر زور دیا کہ حج ایک عبادت ہے سیاسی یا فرقہ وارانہ سرگرمیوں کا نہیں۔

پاکستان علماء کونسل کے رہنماؤں نے کہا کہ سعودی عرب کے ممتاز علمائے کرام کی کونسل کا فتویٰ واضح ہے، مطلوبہ اجازت کے بغیر حج کرنا گناہ ہے۔ ہم تمام عازمین حج سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ قانونی پیچیدگیوں سے بچنے کے لیے اس حکم کا احترام کریں ۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی قیادت نے پہلے خبردار کیا ہے کہ حج کے تمام انتظامات منظور شدہ کمپنیوں کے ذریعے کیے جائیں اور انہوں نے بغیر اجازت کے حج کرنے کی کوشش کرنے والوں پر بھاری جرمانے اور قانونی نتائج کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے اس انتباہ کا اعادہ کیا اور تمام عازمین حج کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ پرامن اور حلال حج کو یقینی بنانے کے لیے ان ضوابط پر عمل کریں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More