اقتصادی بحالی کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو بااختیار بناناوزیر اعظم کا مشن ہے ،آئی ٹی انڈسٹری کو 25 ارب ڈالر تک لے کر جاناہدف ہے، رانا مشہود احمد خان

اے پی پی  |  Jun 08, 2024

لاہور۔8جون (اے پی پی):چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ نوجوان پاکستان کا روشن مستقبل ہیں، نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لا ئے بغیر ملکی ترقی ممکن نہیں ،اقتصادی بحالی کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو بااختیار بنانا وزیراعظم محمدشہباز شریف کا مشن ہے، وزیراعظم یوتھ پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور انہیں مستقبل میں درپیش چیلنجز کا سامنا کرنے کے قابل بنانے کیلئے پر عزم ہیں، رواں سال 10 لاکھ نوجوانوں کو سکل ٹریننگ دلوا کر پاکستان اور بیرون ممالک روزگار کے مواقع فراہم کرنے کاٹارگٹ رکھا گیا ہے

، اگلے چار سالوں میں آئی ٹی انڈسٹری کی سرمایہ کاری کو 25 ارب ڈالر تک لے کر جائیں گے ،یوتھ لون پروگرام میں طالبات کا حصہ 11 فیصد سے بڑھا کر 30 فیصد کیا جا رہا ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ہفتہ کے روز لاہور کالج فاروویمن یونیورسٹی میں وزیر اعظم یوتھ ڈویلپمنٹ سنٹرکی اپ گریڈیشن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہوئے کیا۔

اس موقع پر وائس چانسلر لاہور کالج فار وویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شگفتہ ناز،چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر،یوتھ پروگرام کیلئے وزیر اعظم کی نمائندہ خصوصی ماہا جمیل اوررضوان انور،ڈین فیکلٹی آف ایجوکیشن پروفیسر ڈاکٹر عظمی قریشی ،فیکلٹی ممبران،طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام نے کہاکہ نوجوانوں کو تعلیم اور صحت مندانہ سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنے کی اشد ضرورت ہے، یوتھ پروگرام اس سلسلے کی ایک کڑی ہے،

ملکی معاشی حالات کے چیلنجز اور آئی ایم ایف کی سخت شرائط کے باوجود نوجوانوں کو بہتر مستقبل کی فراہمی کے لیے دن رات کوشاں ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے بروقت اور مثبت اقدامات کی بدولت ملکی معیشت درست ٹریک پر گامزن ہو چکی ہے ، معیشت کا ہر شعبہ بہتری کی راہ پر گامزن ہے، چین بھی مختلف بنیادی ڈھانچوں میں سرمایہ کاری کرنے کے لیے پاکستان آ رہا ہے،ملک میں اب اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری ہو رہی ہے جو کہ خوشی کی بات ہے

،مہنگائی کی شدت کم ہو رہی ہے اور سی پیک دوبارہ بحال ہو رہا ہے جو ملک کی معیشت اور ترقی کے مزید دروازے کھولے گا۔رانا مشہود احمدخان نے کہاکہ بجٹ میں یوتھ امپاورمنٹ اور ویمن امپاورمنٹ سمیت نوجوانوں کے لیے تاریخ کا سب سے بڑا منصوبہ شروع کرنے جا رہے ہیں ،اس حوالے سے پلان تیار ہیں ۔انہوں نے کہاکہ امسال لیپ ٹاپ سکیم میں تعداد اور معیار کو مزید بڑھایا جا رہا ہے ، 10 لاکھ نوجوانوں کو سکل ٹریننگ دلوا کر پاکستان اور بیرون ممالک روزگار کے مواقع فراہم کرنے کا ٹارگٹ رکھا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے حالیہ دورہ چین میں بھی چین کی حکومت کے ساتھ ہمارے نوجوانوں کو سکل ٹریننگ دلوانے کے حوالے سے بھی معاہدے کئے گئے ہیں، ہم امسال آئی ٹی پر بہت زیادہ خرچ کر نے جا رہے ہیں تاکہ یہ انڈسٹری بہتر انداز میں ترقی کرے ،اگلے چار سالوں میں آئی ٹی سیکٹر کی سرمایہ کاری کو ڈھائی بلین سے 25بلین ڈالر تک لے کر جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ ہمارے نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، وقت آگیا ہے کہ اس ٹیلنٹ کو بروئے کا ر لایا جائے،وزیر اعظم یوتھ ڈویلپمنٹ سنٹر کے افتتاح کا مقصد نوجوانوں کو ٹریننگ دلوا کر ان کوروزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم یوتھ پروگرام وفاقی حکومت کا ایسا اقدام ہے جس کے تحت نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے بیشتر منصوبے شروع کئے گئے ہیں جس میں کھیلوں کے پراجیکٹس کے ساتھ ساتھ یوتھ لون سکیم اور پرائم منسٹرز لیپ ٹاپ سکیم سرفہرست ہیں،لون پروگرام کے تحت پچھلے سال 84 ارب روپے کے قرضہ جات فراہم کئے گئے،10 لاکھ کے قریب بچوں نے ان قرضہ جات کی مدد سے اپنے پراجیکٹس شروع کئے،امسال یوتھ لون پروگرام میں خواتین کا حصہ 11 فیصد سے بڑھا کر 30 فیصد کیا جا رہا ہے اسی لیے میں نوجوانوں کو یہ نصیحت کرتا ہوں کہ وہ مثبت اور غیرنصابی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کرحصہ لیں تاکہ پر امن اور صحت مند معاشرے کی تشکیل میں اہم کردارادا کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے سال وزیر اعظم ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی ٹاپ پر تھی جو کہ لائق تحسین ہے۔اس بار ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں تھوڑی تبدیلی لا رہے ہیں ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں کامیاب بچے اور بچیوں کو ٹریننگ دلوائیں گے تاکہ وہ آئندہ سال سے ہونے والی سیف گیمز ‘یوتھ اولمپک میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں اور ملکی اور بین الاقوامی سطح پر کھیل کے میدان میں ملک کا نام روشن کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان آزادی کے بعد سے ہی کامن ویلتھ کا ایک ممبر ہے ۔1973 میں کامن ویلتھ یوتھ منسٹر زٹاسک فورس بنی پاکستان 50 سال میں پہلی باراس ٹاسک فورس کا چیئرمین بنا ہے’بطور چیئرمین کامن ویلتھ یوتھ منسٹر زٹاسک فورس ایشیا کے ہیڈ آفس کوپاکستان منتقل کرنے جا رہے ہیں تاکہ ہمارے بچوں کو 56 رکن ممالک میں تعلیم ‘آرٹ اینڈ کلچر ‘کھیل ‘آئی ٹی سمیت دیگر شعبوں میںاپنے ٹیلنٹ کے اظہار کا موقع مل سکے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More