بیجنگ۔8جون (اے پی پی):وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان اور وزیر کامرس جام کمال خان نے بیجنگ میں پاکستان کیلئے زیادہ سے زیادہ شعبوں میں انویسٹمنٹ کے حوالے سے دو طرفہ کامیاب سیشن کا انعقاد کیا، چینی حکام سے مذاکرات کے دوران انفراسٹرکچر، ماڈرن ایگریکلچر،لاجسٹک، سپلائی چین مارکیٹ و ہیلتھ کئیر کے شعبوں میں سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ہفتہ کو یہاں جاری پریس ریلیز کے مظابق آرٹیفیشل انٹیلی جنس،سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، امپورٹ اینڈ ایکسپورٹ گڈزپر بھی انویسٹمنٹ کی جائے گی، وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان نے چینی حکام کو پاکستان میں مکمل ساز گار ماحول فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔ انہوں نے کہا کہ ہمسایہ ملک ہونے کے ناطے چین سے پاکستان میں سرمایہ کاری اہمیت کی حامل ہے۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ ای کامرس پاکستان ہی نہیں دنیا بھر میں بزنس کا اصل مستقبل ہے۔ وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ اور بیجنگ کے 60سالہ پرانے سی زیڈ کے ہورائے گروپ کا مشترکہ اجلاس بھی ہوا ، گروپ چیئرمین لیو یافی، جنر ل مینجر صوفیہ لی، ڈیوی ڈانگ، چن وینلونگ اور شی جی ملاقات میں شامل تھے۔وفاقی وزیر کامر س جام کمال نے چینی حکام کو پاکستان میں تجارتی حوالوں سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ پاکستان میں انڈسٹری اکیڈمیا ریسرچ اور ایسٹ مینجمنٹ پر دو طرفہ تعاون سے کام ہوگا۔وفاقی وزیر سرمایہ کاری عبدالعلیم خان سے ٹینگشن ڈونگھا آئرن سٹیل گروپ کے وفد کی بیجنگ میں ملاقات کی اور پاکستان سٹیل ملز اورآئرن کے مختلف شعبو ں میں سرمایہ کاری و دیگر امور پر بات چیت کی اور امکانات پر غورکیا۔ سینئر ایڈوائزر ٹو ڈونگھا گروپ چیئرمین مس لو شو نے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کو انویسٹمنٹ امور پر بریفنگ دی۔