سعودی حکومت نے ہمیشہ پاکستان کے عوام کا ساتھ دیا ہے ، فیصل کریم کنڈی

اے پی پی  |  Jun 07, 2024

اسلام آباد۔7جون (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوافیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ سعودی حکومت نے ہر قسم کے حالات میں ہمیشہ پاکستان کے عوام کا ساتھ دیا ہے ،پوری پاکستانی قوم کے دل سعودی حکومت و عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ گورنر خیبرپختونخوا کے آفس سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعہ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں کنگ سلمان ہیومینٹیرین ریلیف اینڈ ایڈ سنٹر پاکستان ونگ کے ڈائریکٹر عبداللہ البراک بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

ملاقات میں پاک سعودی تعلقات،صوبہ میں سرمایہ کاری کے دستیاب مواقع اور سرمایہ کاری کے فروغ پر بھی گفتگو ہوئی۔ گورنر خیبرپختونخوا نے خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر میں شاہ سلمان ریلیف سنٹر کی امدادی خدمات کو سراہا۔ گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ ملک بھر بالخصوص خیبرپختونخوا کے پسماندہ اضلاع میں غربت کے خاتمہ اور دکھی انسانیت کی خدمت میں شاہ سلمان ریلیف سنٹر کی امدادی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب میں شاہ سلمان ریلیف سنٹر کی جانب سے ڈیرہ اسماعیل خان، دیر، سوات، چترال، چارسدہ میں جس طرح سیلاب زدگان کی جس محبت کے جذبہ سے امداد کی گئی ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت نے ہر قسم کے حالات میں ہمیشہ پاکستان کے عوام کا ساتھ دیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ پوری پاکستانی قوم کے دل سعودی حکومت و عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More