اوپن یونیورسٹی کی اکیڈمک کونسل نے نئے پروگرامز متعارف کرانے کی منظوری دے دی

اے پی پی  |  Jun 07, 2024

اسلام آباد۔7جون (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی اکیڈمک کونسل کا 67واں اور اکیڈمک پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کمیٹی/ریسرچ اینڈ ایجوکیشنل ٹیکنالوجی کمیٹی(اے پی ڈی/آر ای ٹی)کا 51واں مشترکہ اجلاس گزشتہ روز وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرناصر محمودکی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں نئے سرٹیفکیٹ کورسز، شارٹ کورسز، پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ اور بی ایس کے پروگرامز متعارف کرانے کی منظوری دی گئی۔اجلاس کی نظامت اور معاونت کا فریضہ رجسٹرار راجہ عمر یونس نے سرانجام دیا۔اجلاس میں تمام شعبہ جات کے صدور، پرنسپل افسران و بیرونی ممبران شریک تھے۔

اجلاس نے اتفاق رائے سے گزشتہ میٹنگ کے منٹس منظور کئے۔ اجلاس میں یونیورسٹی کی چاروں فیکلٹیوں کلیہ سائنس،علوم اسلامیہ،کلیہ سماجی علوم اور کلیہ تعلیم کے مختلف پروگرامزمیں کورسز کے عنوانات اورموضوعات کی تبدیلی کی بھی منظوری دی۔ ڈپلومہ پروگرامز افتاء،امام وخطیب کو آن لائن کرنے، آئلٹس کاشارٹ کورس،کلینکل نیوٹریشن میں پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ، پولیٹکل سائنس، انٹرنیشنل ریلیشنز،ڈیٹاسائنس،سائبرسیکورٹی،آرٹیفشل انٹیلی جنس اور اینوائرمنٹل سٹدیز میں بی ایس پروگرام متعارف کروانے کی منظوری دی گئی۔ سروسز ڈیپارٹمنٹس جن میں شعبہ امتحانات، ڈائریکٹوریٹ آف ریجنل سروسز اور ڈائریکٹوریٹ آف اکیڈمک پلانگ اور کورس پروڈکشن کے پیش کئے ایجنڈا کی بھی منظوری دی گئی۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرناصر محمودنے فیکلٹی ممبران اور ڈینز کوہدایت کی کہ کورسز ڈیزائن کرنے اور تدریس مواد کی تیاری میں یونیورسٹی اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کی پالیسی کولازمی ملحوظ خاطررکھا جائے۔انہوں نے ممبران کا تعارف کراتے ہوئے بہتر اور معیاری تعلیم کیلئے ہر ممکن کوشش کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ یونیورسٹی کی سپریم باڈی(ایگزیکٹو کونسل)کے آئندہ اجلاس میں اِن فیصلوں اور منظوریوں کی توثیق کے لئے پیش کئے جائیں گے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More