اسلام آباد۔7جون (اے پی پی):لاء اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان (ایل جے سی پی) کے زیر انتظام (آج) ہفتہ 8 جون 2024ء کو سپریم کورٹ آف پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کے حوالہ سے کانفرنس منعقد ہو گی جس کا موضوع “نیویگیٹنگ کلائمیٹ گورننس: ایگزیکٹو ایکشن اور جوڈیشل اوور سائیٹ” منتخب کیا گیا ہے۔ سپریم کورٹ کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جمعہ کو یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق کانفرنس کے دوران پاکستان کے وسیع اور بڑھتے ہوئے ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنجز کا جائزہ لیا جائے گا جس سے ماحولیاتی تبدیلی کے حوالہ سے بحث کو فروغ حاصل ہو گا۔ اس موقع پر مستقبل کے اقدامات پر تبادلہ خیال بھی کیا جائے گا۔کانفرنس کے دوران اس بات پر بھی غور کیا جائے گا کہ پاکستانی عدلیہ، قانون ساز ادارے اور ایگزیکٹو ماحولیاتی تبدیلیوں کے بڑھتے ہوئے چیلنجز، اس کے تجزیہ اور مستقبل میں قانونی چارہ جوئی کے رجحانات پر غور کرنے کے لئے کیا اقدامات کر رہے ہیں۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسی کانفرنس کے مہمان خصوصی ہوں گے۔اعلامیہ کے مطابق کانفرنس میں اعلیٰ عدلیہ کے معزز ججز، بار کے اراکین، فقہا، محققین، ماہرین تعلیم، ماحولیاتی تبدیلی کے شعبہ کے ماہرین اور دیگر شراکت دار بھی شرکت کریں گے۔ پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ کے تمام نمائندوں کو (بغیر کیمرہ) شرکت کی دعوت دی گئی ہے تاکہ کانفرنس کی خبریں نشر کر کے ایونٹ کو کامیاب بنایا جا سکے۔ مزید برآں عوام اور دیگر شراکتداروں کی معلومات کے لئے کانفرنس کی سرگرمیاں بھی دعوت نامہ کے ساتھ منسلک کی گئی ہیں۔