مالیاتی سہولت کاری پاک چین کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دیں گی، صدر این بی پی رحمت علی حسنی

اے پی پی  |  Jun 07, 2024

اسلام آباد۔7جون (اے پی پی):نیشنل بینک آف پاکستان ( این بی پی ) کے صدر رحمت علی حسنی نے چین کے شہر شینزن میں منعقد ہونے والی پاکستان چین بزنس کانفرس میں شرکت کی ۔ صدر این بی پی رحمت علی حسنی چین کے دورہ کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کے وفد کے ہمراہ تھے۔ پاکستان چین کے ساتھ دوطرفہ تجارتی اور معاشی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ بزنس ٹو بزنس ( بی ٹو بی )پراجیکٹس کے ذریعے چینی سرمایہ کاروں کو راغب کرنا چاہتا ہے۔کانفرنس نے پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے ایک پلیٹ فارم مہیا کیا ہے۔

رحمت علی حسنی نے شینزن لوکل فنانشل سپرویژن ایڈمنسٹریشن کے ڈائریکٹر جنرل شی وی گان کے ساتھ ملاقات کی اور شینزن میں این بی پی کی برانچ قائم کرنے کیلئے ممکنہ مواقعوں اور شہری حکومت کی طرف سے مراعات کے حوالے سے بات چیت کی۔ این بی پی کے صدر نے چینی وزارت خزانہ اور سلک روڈ انٹرنیشنل انویسٹمنٹ مینجمنٹ کمپنی لمیٹڈ ( ایس آر آئی آئی ایف) کے نمائندوں کے ساتھ اشتراک کے ممکنہ مواقعوں کے بارے میں مفید اور تعمیری بات چیت کی ۔اس کے علاوہ رحمت علی حسنی نے ہواوے ٹیکنالوجیز کے سی او او والیس لئی اور ہواوے پاکستان کے سی ای او ایتھن سن سے بھی ملاقاتیں کیں جس میں اسمارٹ مصنوعات، مالیاتی حل اور خدمات پر اشتراک کیلئے تفصیلی بات چیت ہوئی۔ انہوں نے ہواوے ٹیکنالوجی سینٹر کا بھی دورہ کیا۔

انہوں نے نے چین اکنامک نیوز کے ساتھ ایک میڈیا انٹرویو میں شرکت کی اور پاکستان کے قومی ٹیلی ویژن نیٹ ورک پی ٹی وی کے ساتھ کانفرنس کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔انہوں نے کانفرنس کے بارے میں اپنی مثبت امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کانفرنس سے دونوں ممالک کے لیے مواقعوں کا نیا باب کھل رہا ہے جو دونوں ممالک کی طرف سے ”کاروبار دوست ماحول کی فراہمی” کے ارادے کا عکاس ہے ۔انہوں نے یقین دلایا کہ این بی پی اس اشتراک کے نتیجہ میں ہونے والے تمام کاروبار کیلئے بینکنگ کی زیادہ سے زیادہ سہولت دینے کیلئے پرعزم ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More