پنجاب آرٹس کونسل باصلاحیت نوجوانوں کی پذیرائی اورحوصلہ افزائی کےلیے کوشاں ہے، ڈائریکٹر ملتان آرٹس کونسل

اے پی پی  |  Jun 07, 2024

ملتان۔ 07 جون (اے پی پی):ڈائریکٹر ملتان آرٹس کونسل ڈاکٹر ریاض ہمدانی نے کہاہے کہ نوجوان نسل ہمارے ملک کا قیمتی اثاثہ ہے،پنجاب آرٹس کونسل باصلاحیت نوجوانوں کی پذیرائی اورحوصلہ افزائی کےلیے کوشاں ہے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے جمعہ کو یہاں پنجاب آرٹس کونسل ملتان کے زیرِ اہتمام معروف فکشن نگار نیئر مصطفیٰ کے ساتھ مکالمہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈاکٹرریاض ہمدانی نے کہاکہ ہمارے معاشرے کا کل سرمایہ صرف اورصرف نوجوان ہیں اورمعاشرہ تب ترقی کرے گا جب ہمارے نوجوان مثبت سرگرمیوں پر توجہ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نیئر مصطفیٰ کا شمارملتان میں نئی نسل کو فکشن لکھنے کی طرف راغب کرنے والوں میں ہوتا ہے۔نامور شاعر،ادیب اوردانشورممتاز اطہر نے کہا کہ نیئر مصطفیٰ کا اسلوب اوراندازِ بیاں منفرد ہے،نیئر مصطفی نے اپنے بعد کے نوجوانوں کوبھرپور انداز میں متاثر کیا ہے۔ ایڈیشنل سیکرٹری سروسز (جنوبی پنجاب) فاروق ڈوگر نے کہا کہ نیئر مصطفیٰ نے اپنے اردگرد کے لوگوں میں ادب کا رجحان پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔نیئر مصطفیٰ نے مکالمہ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ مشاہدے اور تاریخی حوالہ جات کو اپنی تخلیقات میں مشقِ سخن بنایا ہے،فکشن کو میدان بنایا تو سعادت حسن منٹو جیسے افسانہ نگاروں نے انہیں بے حد متاثر کیا۔

انہوں نے کہا کہ زمانہ طالب علمی اور بعد ازاں انہوں نے کئی افسانے اور ڈرامے نہ صرف تخلیق کیے بلکہ پرفارم بھی کیے،گو اب باقی اصناف میں بلاواسطہ طبع آزمائی نہیں کر رہے لیکن لکھنے کی حد تک فن و ثقافت سے جڑے ہوئے ہیں۔اس موقع پرڈاکٹر ساحر شفیق، ڈاکٹر لیاقت علی، ڈاکٹر خرم شہزاد اور پروفیسر مدھر ملک نے نیئر مصطفیٰ کی شخصیت اورادبی کام کے حوالے سے مضامین پیش کیے جو حاضرین کےلیے دلچسپی کا باعث بنے رہے۔نوجوان لکھاری غضنفر عباس نے نیئر مصطفی کے حوالے سے ایک خاکہ بھی پیش کیا۔تقریب کی نظامت کے فرائض عاقب قریشی نے سرانجام دیے۔ فکشن نگار نیئر مصطفیٰ نے حال ہی میں یو بی ایل ادبی ایوارڈز میں بہترین اردو فکشن کی کیٹیگری کا اعزاز اپنے نام کیا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More