لاہور۔7جون (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ( ن) کے سینئر رہنما میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ جب پاکستانی معیشت مضبوط ہونے لگتی ہے تو ایک جماعت کی جانب سے ملک میں انتشار پیدا کرنے کا پراپیگنڈہ کیا جاتا ہے،پاکستان کی معیشت اور معاشرت کو مضبوط کرنے کی اشد ضرورت ہے،ہر پاکستانی کو ریاست کی بقاء کی فکر ہونی چاہیے ۔جمعہ کے روز وہ یہاں ماڈل ٹائون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔میاں جاوید لطیف نے کہاکہ پاکستان کو اس وقت جن مشکل حالات کا سامنا ہے اس کی ساری ذمہ داری بانی پی ٹی آ ئی پر عائد ہوتی ہے،یہ خوشی نہیں بلکہ لمحہ فکریہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک جماعت کا سربراہ جن کا ٹویٹر پاکستان اوراداروں کیخلاف باہر سے چلایا جا رہا ہو اور آئین و قانون کی دھجیاں اڑا ئی جا رہی ہوں مگر پھر بھی وہ مقبول ہے،بد قسمتی ہے کہ پاکستان کے اندر آج بھی75 سال بعد یہ بحث کی جا رہی ہے کہ مقبول،قبول اور معقول کون ہے،ہمیں بتایا جائے کہ کیا190 ملین پاونڈ زکھا جانا کوئی جرم نہیں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جب پاکستان کے اندر حالات ایسے ہوں تو پھر ہمیں روٹی اور روزگار سے زیادہ اپنے نظام اور ریاست کی بقا کی فکر ہوتی ہے،یہ حالات راتوں رات پیدا نہیں ہوئے،بد قسمتی سے پاکستان کے اندر اندرونی و بیرونی خواہشات کی تکمیل کیلئے جو لوگوں سے کام لیا جا رہا ہے اس سے پاکستان کی معیشت اور معاشرت متاثر ہو رہی ہے ۔جاوید لطیف نے کہا کہ ایک شخص کی جیل میں قید کے دوران کی تصاویر دیکھیں تو فائیو سٹار سے زیادہ سہولتیں دی گئی ہیں،مجھے تو مئی جون میں ایک ڈرم میں رکھا جاتا تھا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ9،10مئی واقعہ کی تحقیقات کا ایک ایک لفظ ثبوتوں کے ساتھ قوم کے سامنے رکھا جائے،جیل میں کون سا دبائو نظام پر ہے،بانی پی ٹی آئی کو دلیر و شیر بنایا گیا جو پاکستان پر بھاری نظر آ رہا ہے اور پاکستان کو کمزور کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جب پاکستانی معیشت مضبوط ہونے لگتی ہے اور حالات بہتر ی کی جانب گامزن ہو تے ہیں تو ایک جماعت کی جانب سے ملک میں انتشار اور افراتفری پیدا کرنے کا پراپیگنڈہ کیاجاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ دوست ممالک نے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی خواہش کی ہے جس سے پاکستان دوبارہ اپنے پائوں پر کھڑا ہو سکتا ہے لیکن ملک میں پھر انتشار پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے،درخواست ہے کہ ملک اسی وقت ترقی کرسکتا ہے جب ملک کو برباد کرنے والوں کا احتساب ہو اور ملکی خدمت کرنے والوں کی تعریف ہو۔ایک اور سوال کے جواب میں میاں جاوید لطیف نے کہا کہ جن کے پاس 9 مئی کی فوٹیجز اور ثبوت ہیں انہیں بہت پہلے پبلک کر دینا چاہیے تھا،آج 9،10 مئی کے ماسٹر مائنڈ و منصوبہ ساز اس کوتاہی کی وجہ سے کہہ رہے ہیں کہ کمیشن بنایا جائے،جو ریاست کے مجرم ہیں،ثبوت سامنے لاکر قوم کو حقائق سے آگاہ کیا جائے ۔