اسلام آباد۔7جون (اے پی پی):ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ کراچی میں بجلی کے بعض فیڈرز کو بندکرنے کی وجہ سے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے، بل دینے والے شہریوں کی مشکلات کا ازالہ کیاجائے، کرک میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کو روکا جائے،ملک میں 44 اضلاع میں پولیووائرس کی موجودگی کا بھی نوٹس لیا جاناچاہیے۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں صدارتی خطاب پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ وزیرستان سے ایک جرگہ آیا ہے۔یہ لوگ درپیش مسائل پر حکومت کی توجہ چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کراچی میں بعض فیڈرز کوبندکیا جا رہا ہے، اس کی بجائے پی ایم ٹی پرآنا چاہیے، فیڈر بند ہو جانے سے ان لوگوں کوبھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جو بل ادا کر رہے ہیں، بل نہ دینے والوں کی سزا بل دینے والوں کونہیں دینا چاہیے۔رکن قومی اسمبلی شاہد احمد نے کہا کہ نائن الیون کے بعد خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کی لہر کے دوران کرک پرامن رہا،اب کرک میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات شروع ہوئے ہیں۔ پولیس اورقانون نافذکرنے والے اداروں کو اپنا کلیدی کردار ادا کرنا چاہیے۔ارباب شیرعلی نے کہاکہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات بڑھ گئے ہیں۔صوبہ کوسکیورٹی کی مد میں فنڈز فراہم کئے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ چمن میں لوگوں سے مذاکرات کئے جائیں اوروہاں کے مسائل کوحل کیا جائے۔ رکن قومی اسمبلی شرمیلا فاروقی نے کہاکہ ملک میں 44 اضلاع میں پولیووائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے،اس حوالے سے ہمارے سوالات کے جواب ملنا چاہیئں۔رکن قومی اسمبلی مبارک زیب نے کہا کہ ہم ریاستی اداروں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ دہشت گردی کے خاتمہ اور قیام امن کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔