پارلیمنٹ زراعت اور کسانوں کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے،سپیکر قومی اسمبلی

اے پی پی  |  Jun 07, 2024

اسلام آباد۔7جون (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ فوڈ سیفٹی سسٹم کو مضبوط بنا کر ملاوٹ سے پاک اور صاف ستھری خوراک تک رسائی کو ممکن بنایا جا سکتا ہے ، پارلیمنٹ زراعت اور کسانوں کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے۔

جمعہ کو عالمی یوم تحفظ خوراک ( فوڈ سیفٹی ڈے )کے موقع پر پیغام میں انہوں نے کہا کہ صحت بخش اور محفوظ غذا ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔فوڈ سیفٹی کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور اس کو یقینی بنانا مشترکہ ذمہ داری ہے ۔ بدقسمتی سے دنیا بھر میں کڑوروں لوگ غیر محفوظ خوراک کھانے کی بدولت بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں۔ سپیکر نے کہا کہ خوراک کی پیداوار ، پروسیسنگ ، پیکجنگ اور تقسیم کا عمل بہتر بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

سپیکر نے خوراک کو محفوظ بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور فوڈ سیفٹی کے قوانین کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے اور ملکی ترقی و خوشحالی میں زراعت کا اہم کردار ہے۔ پارلیمنٹ زراعت اور کسانوں کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More