ماحول دوست منصوبوں کے لئے عملی اقدامات اٹھانا ہوں گے ،ڈاکٹر طارق فضل چوہدری

اے پی پی  |  Jun 06, 2024

اسلام آباد۔6جون (اے پی پی):ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ آب و ہوا کی تبدیلی ایک عالمی رجحان ہے اور پاکستان بھی اس کے شکارممالک میں سے ایک ہے، ہمیں آس پاس کی اچھی مثالوں سے سیکھ کر اس معاملہ سے مؤثر طریقہ سے نمٹنا ہوگا۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام عالمی یوم ماحولیات کے سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں ماحول دوست منصوبوں کو زیادہ سے زیادہ فروغ دے کرماحولیاتی منفی اثرات کو کم کرنے کے لئے عملی اقدامات اٹھانا ہوں گے اور حکومت سے نجی شعبے کا تعاون اس معاملے پر عوام میں شعور پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ہمیشہ ایسے اہم امور پر اقدامات کرنے میں سب سے آگے رہا ہے اور بہت جلد وہ خود اس موضوع پر ایک تقریب کا بندوبست کریں گے جس میں موسمیاتی تبدیلی کی وزارت کے تعاون سے تمام اسٹیک ہولڈرزاور کاروباری برادری کے رہنماؤں کومدعو کیا جائے گا۔صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، احسن ظفربختاوری نے کہا کہ ہم سب اس حقیقت سے بخوبی واقف ہیں کہ گلوبل وارمنگ، گرین ہاؤس گیسز اور کاربن کے زیر اثر گرین ہاؤس گیسزمیں پی سی ون سے کم حصہ کے باوجود ماحولیاتی نظام اور پاکستان کو سنگین چیلنجز سے ہمکنار کر رہا ہے۔ اسے گرمی کی لہروں، جنگل میں لگنے والی آگ، سیلاب اور سموگ وغیرہ کی شکل میں اپنے تباہ کن اثرات کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی مستقبل قریب میں ایک ’ماحولیاتی ایکسپو‘ منعقد کرنے پر غور کر رہا ہے اور یہ کہ حکومت کو ان کاروباری اداروں کی حوصلہ افزائی اور سہولت فراہم کرنا ہوگی جو ماحولیات کے تحفظ کے طریقہ کار کو آگے بڑھا رہے ہیں۔اس موضوع سے متعلق صنعت اور یونیورسٹی کے رابطوں کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ اس طرح سے ہم کاربن کے اثرات کو کم سے کم کرسکیں گے اور آئی سی سی آئی اس کام کے لئے مکمل تعاون کرے گا۔ سیکرٹری جنرل یونائیٹڈ بزنس گروپ ظفر بختاوری نے کہا کہ پاکستان ہمارا فخر ہے اور ہمیں اسے ایک ترقی یافتہ اور خوشحال ملک بنانے کے لئے باہمی کوششیں کرنا ہوں گی اور آئی سی سی آئی سبز انقلاب کے لئے ایک ایکشن پلان دے گا اور اس مقصد کے لئے اس کے لئے ایک تاریخی تقریب کا اہتمام کرے گا۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہر فرد کو الزام تراشی کی روش ترک کرکے ایمانداری کے ساتھ ملک کو موجودہ معاشی بحران سے نکالنے میں اپنا کردار ادا کرناہوگا۔صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ نے کہا کہ ہر معاملہ کے لئے حکومت کی طرف دیکھنے کی بجائے، ہمیں بطور ذمہ دار شہریوں کواچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا اگر ہم واقعی اقوام عالم میں ایک قابل احترام ریاست کے طور پر رہنا چاہتے ہیں۔نسٹ بزنس سکول سے پروفیسر ڈاکٹر رامانہ بنگش،ڈاکٹر حمیرا فرخ، انیلاخان بحریہ یونیورسٹی،ڈاکٹر عا ئشہ الطاف شفاء تعمیر ملت، پروفیسر وارث علی نمل یونیورسٹی،کموڈور (ر) محمد طاہر، کنوینر ایچ ای سی کمیٹی عدنان مختاراور بابر چوہدری نے بھی شرکاء کو آب و ہوا میں تبدیلی کے مضر اثرات بارے آگاہی دی اور مسائل کے حل کیلئے ممکنہ طریقوں کے بارے میں بتایا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More