ملتان۔ 06 جون (اے پی پی):ریسکیو 1122 ملتان کی ماہ مئی 2024 ءکی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی گئی۔ مئی کے دوران 10249 ایمرجنسیز پر ریسپانس کرکے 9740 افراد کو بروقت ریسکیو کیا گیا، 472 افراد جانبرنہ ہوسکے اورموقع پر جاں بحق ہو گئے،346 مریضوں کو بہتر علاج معالجہ کیلئے ہسپتالوں میں محفوظ طریقہ سے منتقل کیا گیا۔ریسکیو 1122 ملتان کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ماہ مئی میں 2475 ٹریفک حادثات،172 آگ لگنے کے واقعات،321 لڑائی جھگڑےکے واقعات، دو ڈوب جانے کی ایمرجنسیز،تین عمارت منہدم ہونے اور 6127 میڈیکل ایمرجنسیز کو ریلیف فراہم کیا گیا۔ 3999 متاثرین کو ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ 5269 کوموقع پر ابتدائی طبی امداد دی گئی۔27 جانوروں کو بھی ریسکیو کرکے طبی امداد فراہم کی۔ریسکیو 1122 ملتان کے ریجنل ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر اعجاز انجم نے کہا کہ ہماری ترجیح شہریوں کو بہترین امدادی سروسز مہیا کرنا ہے۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ماہ مئی میں ریسکیو 1122 ملتان کو 45842 امدادی کالزموصول ہوئیں جن میں صرف 10249 ایمرجنسی کالز تھیں،اس لئے تمام شہری ذمہ داری کا ثبوت دیں اور صرف ایمرجنسی کی صورت میں ہی 1122ڈائل کریں اور غیرضروری طور پرا یمر جنسی نمبرکو مصروف نہ رکھیں۔ڈسٹر کٹ ایمر جنسی آفیسرنے مزید کہا کہ بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات کی روک تھام کیلئے ضروری ہے کہ شہری ٹریفک قوانین پر عمل کریں اور تیزرفتاری سے بچیں۔