شعبہ قانون کے طلباء پاکستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ سے مستفید ہوں گے، موسمیاتی تبدیلی سے درپیش چیلنجوں کے پیش نظر ہم یونیورسٹیوں میں گرین یوتھ موومنٹ کا آغاز کر رہے ہیں، رانا مشہود احمد خان

اے پی پی  |  Jun 06, 2024

اسلام آباد۔6جون (اے پی پی):یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنے اور سماجی حقوق کی وکالت کرنے میں وکلاء کی اہم شراکت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ شعبہ قانون کے طلباء پاکستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ سے مستفید ہوں گے، موسمیاتی تبدیلی سے درپیش چیلنجوں کے پیش نظر ہم یونیورسٹیوں میں گرین یوتھ موومنٹ کا آغاز کر رہے ہیں۔

۔وزیراعظم یوتھ پروگرام سے جاری بیان کے مطابق قائداعظم یونیورسٹی کے سکول آف لاء نے قومی لا موٹ مقابلہ کا انعقاد کیا۔ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ انہوں نے وکلاء کو انصاف اور سماجی ترقی کے حصول کیلئے مشعل راہ قرار دیتے ہوئے معاشرے میں قانونی تعلیم کے اہم کردار پر زور دیا۔ قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنے اور سماجی حقوق کی وکالت کرنے میں وکلاء کی اہم شراکت کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ قانونی تعلیم حاصل کرنا انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے مختلف شعبوں میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے حکومت کی جانب سے کئے گئے مختلف اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔ ان میں سے، پنجاب ایجوکیشن انڈومنٹ پروگرام کو خاص طور پر قانونی تعلیم حاصل کرنے والے طلباء کی شمولیت کو یقینی بنایا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ قانون کے شعبے میں طلباء پاکستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ سے بھی مستفید ہوں گے اور ان کیلئے بھی اس سے مساوی مواقع یقینی بنائے جائیں گے۔

انہوں نے نیشنل یوتھ کونسل کی تشکیل کے حوالہ سے کہا کہ یہ کونسل مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے طلباء پر مشتمل ہوگی اور حکومت کے لئے ایک مشاورتی ادارے کے طور پر کام کرے گی جو کہ پالیسی کے معاملات پر نوجوانوں کی رائے کے لئے براہ راست روابط کو فروغ دے گی۔موسمیاتی تبدیلی کے اہم مسئلے پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے یونیورسٹیوں کے اندر گرین یوتھ موومنٹ شروع کرنے کا اعلان کیا، اس اقدام کا مقصد نوجوان ذہنوں کو پائیدار طریقوں اور ماحولیاتی ذمہ داری میں شامل کرنا ہے۔

انہوں نے عالمی ماحولیاتی چیلنجوں کا مقابلہ کرنے میں نوجوانوں کو شامل کرنے کے حکومتی عزم پر زور دیتے ہوئے مزید کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سے درپیش چیلنجوں کے پیش نظر ہم یونیورسٹیوں میں گرین یوتھ موومنٹ کا آغاز کر رہے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More