مانسہرہ۔ 5 جون (اے پی پی):ڈی پی او مانسہرہ شفیع اﷲ گنڈا پور نے کہا ہے کہ مانسہرہ پولیس نے منشیات کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا عزم کر رکھا ہے، دور حاضر میں منشیات کے استعمال اور نقصانات کے حوالہ سے موثر مہم چلانا وقت کی اہم ضرورت ہے، طلباءو طالبات کو منشیات کی وباءسے بچا کر ان کا مستقبل محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔ گورنمنٹ ڈگری کالج اوگی میں ”منشیات کے خاتمہ اور نقصانات سے آگاہی“ سے متعلق سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موت کے سوداگروں بالخصوص آئس فروشوں کو کیفرکردار تک پہنچانا اور ان کو نشان عبرت بنانا ہمارا اولین فرض ہے، ضلع بھر میں منشیات ڈیلروں کے خلاف وسیع پیمانہ پر کریک ڈاﺅن کرنے کے بعد ڈی پی او مانسہرہ نے سکول اور کالجز میں انسداد منشیات مہم چلانے کا آغاز کر دیا ہے، اس سلسلہ میں اوگی کے گورنمنٹ کالج میں آگاہی مہم کے حوالہ سے سیمینار اور واک کا اہتمام کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل ملک و قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں، سماج دشمن عناصر نوجوانوں کو منشیات بالخصوص آئس کی دلدل میں پھنسا کر ان کا مستقبل داﺅ پر لگانا چاہتے ہیں، تمام طلباءو طالبات اپنی تعلیم و تربیت پر توجہ دیں اور صحت مند سرگرمیوں میں حصہ لیں۔ ڈی پی او مانسہرہ شفیع اﷲ گنڈا پور نے کہا کہ مانسہرہ پولیس منشیات کے خاتمہ کیلئے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے تاہم طلباءاور طلبات سے گذارش ہے کہ وہ خود بھی منشیات سے دور رہیں اور اپنے عزیز و اقارب کو بھی منشیات کے نقصانات سے آگاہ کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ منشیات کے خاتمہ کیلئے طلباءو طالبات کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے، آپ اپنے گلی محلوں میں نظر رکھیں اور اگر کہیں پر بھی آپ کو منشیات کے مکروہ دھندہ ہونے کے بارے میں علم ہو تو فوراً ان کے واٹس ایپ کمپلینٹ نمبر 0305-8500313 پر میسج کر کے اطلاع دیں، اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔