اسلام آباد۔5جون (اے پی پی):وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ نے کہا ہے کہ ایشیائی انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ بینک پاکستان میں بنیادی ڈھانچے اور سماجی شعبے کی ترقی میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔ یہ بات انہوں نے بینک کے وائس پریذیڈنٹ اور کارپوریٹ سیکرٹری لوجر شو کیچنٹ سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔وزارت اقتصادی امور کے سیکرٹری اور سپیشل سیکرٹری بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وفاقی وزیر نے بینک کے نائب صدر کا گرمجوشی سے خیر مقدم کیا اور پاکستان کے عوام کو گراں قدر اور اہم معاونت فراہم کرنے پر بینک کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بالخصوص 2022 کے سیلاب کے بعد پاکستان کے ساتھ بینک کی معاونت کو سراہا۔ وفاقی وزیر نے انہیں ملک کے اقتصادی منظر نامہ اور مختلف شعبوں کی بہتری کےلئے اٹھائے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ بینک کے نائب صدر نے تخفیف غربت ، ماحولیاتی تبدیلیوں ، مالیاتی انسٹرومنٹس اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں پاکستان اور بینک کے درمیان قریبی شراکت داری پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے ان شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کے فروغ سے بھی اتفاق کیا۔وفاقی وزیر نے پاکستان کی جانب سے نئے منصوبوں پر غور کرنے کے ضمن میں بینک کے تعاون کا شکریہ ادا کیا اور امید کا اظہار کیا کہ بینک کی جانب سے معیشت کے کلیدی شعبوں میں معاونت کاسلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے ایشیئن انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ بینک کے نئے ماحولیاتی ایکشن پلان کے حوالے سے اقدامات کو بھی سراہا اور کہا کہ پاکستان اس طرح کے اقدامات کی حمایت جاری رکھے گا کیونکہ ملک موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے