اسلام آباد۔5جون (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صاد ق نے کہا ہے کہ پاکستان کا شمار ماحولیاتی تغیرات کے منفی اثرات سے بہت زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں ہوتا ہے، کرہ ارض کو ماحولیاتی تغیرات جیسے درپیش خطرات سے بچانے کےلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔بدھ کوعالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ دنیا کو اس وقت ماحولیاتی تغیرات کے بڑے چیلنج کا سامنا ہے،ماحولیاتی تغیرات سیلاب ،شدید گرمی ، خشک سالی انسانی صحت پر مضر اثرات کا باعث بنتے ہیں،ماحولیاتی تبدیلیوں کا باعث بننے والی گرین ہائوسز گیسوں کے اخراج میں پاکستان کا حصہ انتہائی کم ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی یومِ ماحولیات منانے کا مقصد کرہ ارض کو ماحولیاتی تغیرات کے منفی اثرات سے بچانے کےلئے مشترکہ ذمہ داری کو اجاگر کرنا ہے۔ا ن کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جنگلات میں اضافے اور ماحولیاتی نظام کی بحالی کےلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں،پاکستان ماحولیاتی تغیرات سے لاحق خطرات سے نمٹنے کےلئے قابل تجدید توانائی کے ذرائع اپنا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان کو مکمل طور پر گرین انرجی پر منتقل ہونے والی دنیا کی پہلی پارلیمان کا اعزاز حاصل ہے۔سپیکر نے عوام سے کرہ ارض کے تحفظ اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کےلئے ماحول کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے بارے بھرپور کردار ادا کرنے کی اپیل کی