کیٹل فارمنگ کو فروغ دے کر معاشی انقلاب لایا جاسکتاہے،ڈاکٹر انعام علی اطہر

اے پی پی  |  Jun 05, 2024

سیالکوٹ۔5جون (اے پی پی):ایڈیشنل ڈائریکٹر محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ سیالکوٹ ڈاکٹر انعام علی اطہر نے کہا کہ مویشی پال حضرات کے ذریعے کیٹل فارمنگ کو فروغ دے کر معاشی انقلاب لایا جاسکتاہے۔انہوں نے مویشی پال خضرات سے ملاقات کے دوران کہا کہ کیٹل فارمنگ سے وابستہ افراد کی رہنمائی اور انہیں مشاورت کی فراہمی کیلئے جہاں کسان میلے منعقد کئے جارہے ہیں وہیں جدید لٹریچر کے ذریعے ان میں شعور و آگاہی بھی پیدا کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ اے ڈی لائیو سٹاک نے کہا کہ ملک میں کیٹل فارمنگ کے وسیع امکانات موجود ہیں جن سے تمام ممکن استفادہ کیاجاسکتاہے۔

لہٰذا مویشی پال حضرات اور زمینداروں و کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ اس ضمن میں حکومتی سہولیات سے استفادہ حاصل کریں تاکہ جہاں و ہ دودھ و گوشت کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ کرکے اپنے لئے زیادہ مالی منافع حاصل کرنے کے قابل ہو سکیں گے ، وہیں دودھ و گوشت کی ملکی ضروریات کو پورا کرنے کے علاوہ اس سے مختلف مصنوعات تیارکرکے بیرون ممالک برآمد کرکے قیمتی زرمبادلہ بھی کمایاجاسکے۔

انہوں نے مویشی پال حضرات کو محکمہ کی مشاورت سے جانورو ں و مویشیوں کو متعدی امراض سے بچاؤ کیلئے حفاظتی ٹیکے لگوانے نیز نئے خریدے گئے جانوروں کو کم از کم 10سے 15روز کیلئے کسی علیحدہ جگہ پر رکھا جائے اور اسے بیمار ریوڑ میں شامل کرنے سے گریز کیا جائے۔ مویشی پال حضرات نئے خرید کردہ جانوروں کو حفاظتی ٹیکہ جات لگوانے اور مکمل اطمینان کے بعد دوسرے جانوروں میں شامل کریں ۔انہوں نے جانوروں کے باڑوں کو موسم کی شدت سے بھی محفوظ بنانے کی ہدایت کی ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More