اسلام آباد۔5جون (اے پی پی):واپڈا کا نام غیر قانونی طور پر استعمال کرنے والی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ بدھ کو واپڈا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایسی تمام کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے جو واپڈا کا نام غیر قانونی طور پر استعمال کر رہی ہیں، اس غیر قانونی کام کو روکنے کے لئے رجسٹرار کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیز اور ایف آئی اے سمیت دیگر تمام اداروں سے رابطہ کرر ہے ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ واپڈا کا قیام واپڈا ایکٹ 1958ء کے تحت ایک خود مختار ادارے کے طور پر عمل میں لایاگیا ہے، صرف واپڈا ٹاؤن کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی (فیزI اورفیزII) لاہور واپڈا کا نام استعمال کرنے کی مجاز ہے اس کے علاوہ ملک بھر میں موجود دیگر کسی بھی ہاؤسنگ سوسائٹی سے واپڈا کا بلاواسطہ یا بالواسطہ کوئی تعلق نہیں لہٰذا واپڈا ٹاؤن کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی (فیزI اور فیزII)کے علاوہ کسی بھی ہاؤسنگ سوسائٹی یا مذکورہ مقصد کے لئے کسی بھی فرد کی جانب سے واپڈا کا رجسٹرڈ نام استعمال کرنا غیرقانونی اور عوام کو دھوکہ دینے کے مترادف ہے۔بیان میں واپڈا نے انتباہ کیا ہے کہ اس کے نام سے قائم ان غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں سرمایہ کاری کی صورت میں واپڈا کسی بھی نقصان یا واجبات کی ادائیگی کے لئے ہرگز ذمہ دار نہیں ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ واپڈا کے نام سے قائم اِن غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں واپڈا ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی اسلام آباد،واپڈا ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی لمیٹڈملتان،واپڈا ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی گوجرانوالہ،واپڈا ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی لمیٹڈ فیصل آباد،واپڈا ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی لمیٹڈ سرگودھا،واپڈا ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی لمیٹڈشیخوپورہ،واپڈا ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی لمیٹڈ قصور،واپڈا ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی لمیٹڈپشاور،واپڈا ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی لمیٹڈکوئٹہ،واپڈا ایمپلائز ہاؤسنگ سوسائٹی کراچی،واپڈاورکرز اینڈ آفیسرز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی حیدر آباد،واپڈا ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے آئی پی کراچی،واپڈا ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی (سدرن زون)،واپڈا سٹی فیصل آباد اور واپڈا سٹی گوجرانوالہ شامل ہیں۔