سپیکر و ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کا مولانا قاضی عصمت اللہ کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار

اے پی پی  |  Jun 05, 2024

اسلام آباد۔5جون (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سابق رکن قومی اسمبلی و سینئر رہنما جمعیت علمائے اسلام مولانا قاضی عصمت اللہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ بدھ کوسپیکر نے مرحوم کے اہلخانہ کے نام جاری تعزیتی پیغام میں تعزیت کا اظہار کیا اورانہوں نے مرحوم کی سیاسی، سماجی اور دینی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مولانا قاضی عصمت اللہ کے انتقال سے پیدا ہونے والا خلا تادیر پر نہیں ہو سکے گا۔

انہوں نے مرحوم کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس مشکل گھڑی میں وہ سوگوار خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ سپیکر نے اللہ تعالیٰ سے مرحوم کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندان کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لیے صبر جمیل عطا فرمانے کی دعا کی۔ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید میر غلام مصطفیٰ شاہ نے بھی سابق رکن قومی اسمبلی و سینئر رہنما جمعیت علمائے اسلام مولانا قاضی عصمت اللہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے مرحوم کے اہلخانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم کی وفات سوگوار خاندان کےلئے ناقابل تلافی نقصان ہے جسے مدتوں پورا نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے مرحوم مولانا قاضی عصمت اللہ کی اپنے حلقے کی عوام کے لیے پیش کی جانے والی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔ڈپٹی سپیکر نے اللہ تعالیٰ سے مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل عطا فرمانے کی دعا کی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More