اسلام آباد۔4جون (اے پی پی):ایچ بی ایل اور ایگزم (ایکسپورٹ امپورٹ بینک آف پاکستان) نے برآمدات میں نمو کیلئے ایگزم کی تجارتی کریڈٹ انشورنس سہولیات کی ساخت و نفاذ میں تعاون کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کر دئیے ۔یہ ملک میں چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری اداروں اور ابھرتے ہوئے کارپوریٹ، کمرشل درجے کے برآمد کنندگان کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے اہم سمجھوتہ ہے۔100 ارب روپے سے زیادہ مالیت کے قرضے فراہم کرنے والے ادارے ایچ بی ایل اور پاکستان کی باضابطہ ایکسپورٹ کریڈٹ ایجنسی کے طور پر ایگزم کے درمیان تعاون سرمایہ کے نقد بہائو پر مبنی قرضے کی فراہمی کے حوالے سے اہمیت کا حامل ایم او یو ہے ۔معاہدے کے تحت ایگزم پاکستان کے ایکسپورٹ کریڈٹ ایجنسی کے طور پر اور ایچ بی ایل تجارتی مالیات میں اپنی مہارت کے ساتھ رسک لینے کی مجموعی صلاحیت کو بڑھانے اور برآمد کنندگان کے لئے محفوظ ماحول پیدا کرنے کے ضمن میں نئی مصنوعات تیار کرنے اور لاگو کرنے میں تعاون کریں گے۔ایچ بی ایل کے سی ای او محمد ناصر سلیم نے اس موقع پر کہا کہ یہ پاکستان کی برآمدات کی نمو ، خاص طور پر ایس ایم ایز اور ابھرتے ہوئے برآمد کنندگان کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے ایک اہم قدم ہے۔ایچ بی ایل چھوٹے اور درمیانہ درجہ کے کاروبار کو مالی تعاون کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، ہم ایگزم کی رسک مینجمنٹ کی صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ اپنی مہارت سے فائدہ اٹھانے کے لئے پرعزم ہیںتاکہ برآمدی کریڈٹ انشورنس کے حوالے سے اختراعی حل فراہم کیے جا سکیں، اس سے نہ صرف برآمد کنندگان کے لئے تحفظ میں اضافہ ہوگا بلکہ مالیات کے نئے مواقع بھی کھلیں گے۔ ایگزم کے سی ای او اور صدرعرفان بخاری نے کہاکہ ایچ بی ایل کے ساتھ ہمارا تعاون پاکستانی برآمد کنندگان کی حمایت میں ایک اہم سنگ میل ہے ۔ برآمدی وصولیوں سے وابستہ کریڈٹ کے خطرات کو کم کرکے ہم برآمد کنندگان اور بینکوں دونوں کے مالی استحکام کے حوالے سے تحفظ فراہم کررہے ہیں ۔ یہ شراکت داری خاص طور پر ایس ایم ایز کی مالیات تک رسائی کو بڑھانے، انہیں اپنی برآمدات کو بڑھانے اور پاکستان کی اقتصادی ترقی میں حصہ ڈالنے کے لیے بااختیار بنانے پر مرکوز ہے۔